مریدکے (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر وسابق وفاقی وزیر رانا تنویرنے کہا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی پر ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر مسلم لیگ (ن) کی قانونی ٹیمیں عدالت سے رجوع کررہی ہے ۔مسلم لیگ (ن) کے ضلعی نائب صدر سابق چیئرمین مارکیٹ کمیٹی چوہدری خضر ریحان فیروزوالہ بار کے سابق صدر آصف بشیر مرزا ایڈووکیٹ کے ہمراہ سابق چیئرمین ضلع کونسل رانا اعجاز حسین اور سابق ناظم رانا افتخار حسین کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ نواز شریف کے خلاف انتقامی جھوٹے مقدمات درج کئے گئے ،ہمیں یقین ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی پر انشااللہ گرفتاری نہیں ہوگی انہیں حفاظتی ضمانت مل جائے گی اور وہ مینار پاکستان پر لاکھوں عوام کے اجتماع سے خطاب کریں گے ۔یہ اجتماع پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا اور ایسا فقیدالمثال استقبال بھی تاریخ میں کسی کا نہیں ہوا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ تین مرتبہ ایک منتخب وزیر اعظم کو اقتدار سے ہٹایا گیا اسی وجہ سے آج پاکستان کی معاشی سیاسی سماجی اقتصادی جمہوری صفاری صورتحال ہے اب یہ سلسلہ بند ہونا چاہئے ۔ ایک سویلین حکومت کو اپنا اقتدار کا وقت پورا کرنا چاہئے تاکہ ملک و قوم کی خدمت کرسکے ۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو فلسطین اور مقبوضہ کشمیر پر ایک ہونا ہوگا اب وقت آگیا ہے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ حل ہو۔
نواز شریف جیسا فقید المثال استقبال تاریخ میں کسی اور کا نہیں ہوگا :رانا تنویر حسین

















