اللہ نے سائفر کیس کا فیصلہ کرانا ہے تو ابو الحسنات ہی کرےگا، جج سپیشل کورٹ

اسلام آباد(بیورورپورٹ)جج سائفر عدالت ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا ہے چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں لائبریری، ورزش، اخبار کی سہولیات دی تھیں، جیل منتقلی کا خوامخواہ تماشا بنایا گیا، اڈیالہ جیل میں کوئی کہانی ہی نہیں ،اللہ نے سائفر کیس کا فیصلہ کرانا ہے تو ابو الحسنات ہی کرےگا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل عمران خان سے بیٹوں کی ٹیلی فونک ملاقات کےلئے درخواست جمع کرانے سیکریٹ عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین کی عدالت پہنچے،اس موقع پر جج ابوالحسنات ذوالقرنین اور پی ٹی آئی کے وکیل شیراز رانجھا کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا،شیراز رانجھا نے کہاچیئرمین پی ٹی آئی کو بتائے بغیر اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک سے اڈیالہ منتقل ہی نہیں کرنا چاہیے تھا۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس دئیے اڈیالہ جیل کے حالات سازگار نہیں، ماحول اٹک جیل سے بہت مختلف ہے، اڈیالہ جیل میں 2200 ملزموں کی گنجائش ہے لیکن 7000 قیدی موجود ہیں، درجن مرغیوں کے ڈربے میں 32 مرغیاں ہوں گی تو کیا حالات ہوں گے،جج نے مزید کہا اٹک جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے آمنے سامنے بات ہوتی تھی، اڈیالہ میں حالات ہی مختلف ہیں، بہت رش ہے، اٹک جیل میں سکون تھا۔

وکیل شیراز رانجھا نے کہاچیئرمین پی ٹی آئی پر غیر ضروری سختی ہو رہی ہے، عدالت بہتر کلاس کا فیصلہ کرتی، چیئرمین پی ٹی آئی کو ٹی وی، بہتر بستر کیوں نہیں دیتے؟ اٹک جیل میں سکون تھا،جج سائفر عدالت ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا اٹک جیل میں لائبریری، ورزش، اخبار کی سہولیات دی تھیں، جیل منتقلی کا خوامخواہ تماشا بنایا گیا، اڈیالہ جیل میں کوئی کہانی ہی نہیں ،پی ٹی آئی وکیل نے کہا جیل منتقلی کی درخواست دائر کرنے سے قبل شیر افضل مروت کو قانونی ٹیم سے مشاورت کرنی چاہیے تھی، شیر افضل مروت نے حتمی مشاورت کیے بغیر ہائیکورٹ اور آپ کی عدالت میں درخواست دائر کر دی، اٹک جیل میں وکلا کی ملاقات بہت آسان تھی، اڈیالہ میں تو بہت مسائل ہیں۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا گزشتہ روز ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے دفتر بیٹھا تھا، میرے سامنے سے 70 ملزم گزرے،پٹرول کی پوری ٹنکی لگتی لیکن اٹک جیل میں سماعت آسانی سے ہوتی تھی،نوٹ کرلو سب! شکر ہے آپ اڈیالہ جیل منتقلی پر غلطی مانے تو صحیح، اللہ نے سائفر کیس کا فیصلہ ابوالحسنات کے ہاتھوں سے کرانا ہے تو ابوالحسنات ہی کرے گا،آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے ٹیلی فونک ملاقات کی درخواست پر سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے رپورٹ طلب کرلی۔

ادھراسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی جیل میں تحفظ کیلئے دائر اہلیہ بشریٰ کی درخواست پر نوٹس جاری کردئیے،چیف جسٹس عامرفاروق نے درخواست پر سماعت کی ،لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کا کھانا فراہم کرنے کی اجازت دی جائے ،جس سیل میں رکھا گیا وہاں نماز بھی بمشکل ادا کی جاسکتی ہے،ملکی تاریخ رہی ہے جو بھی صدر یا وزیراعظم بنے بعد میں اڈیالہ و اٹک جیل کا مہمان بنتا ہے۔

لطیف کھوسہ کے دلائل پر چیف جسٹس نے کہا جو گنجائش ہے اور جو کچھ عدالت کرسکتی ہے میں آرڈرکردوں گا،بعد ازاں عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرکے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔

دریں اثناچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے توشہ خانہ میں الیکشن کمیشن سے نا اہلی کا فیصلہ معطل کرانے کےلئے عدالت سے رجوع کرلیا،چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مو¿قف اختیار کیا گیا الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس میں سزا کے بعد نااہلی کانوٹیفکیشن جاری کیا ،نوٹیفکیشن توشہ خانہ کیس میں سزاکی بنیادپر جاری ہوا اس لیے الیکشن کمیشن سے جاری نااہلی کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔