اسلام آباد(بیورورپورٹ)ایف آئی اے کی ان کیمرہ استدعا مسترد،سائفر کیس میں عمران خان کی ضمانت درخواست پرسماعت اوپن کورٹ میں ہی ہوگی،اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ سنادیا، چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست نمٹادی۔
ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا سائفرکیس میں درخواست ضمانت پرسماعت 9 اکتوبرکو اوپن کورٹ میں ہی ہوگی وکلاجن معلومات یا دستاویزات کے حساس ہونے کی نشاندہی کریں گے اس پردلائل ان کیمراسنے جائیں گے۔
دوسری جانب سینٹرل جیل اڈیالہ میں پہلی مرتبہ سائفر لیک کیس پرجج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سماعت کی،چالان کی نقول فراہمی موخر کر دی گئی،اڈیالہ جیل خصوصی عدالت نے سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے کہا آئندہ تاریخ کو چالان کی نقول تقسیم ہوں گی۔
ایف آئی اے نے ٹرائل بند کمرے میں سماعت کی درخواست دائر کی جبکہ ملزم کے وکلاکی کارروائی روکنے کی استدعا مسترد کر دی گئی،عدالت نے ریمارکس دئیے ہائیکورٹ کا کوئی حکم امتناع نہیں، سماعت نہیں روکی جاسکتی،ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا سماعت ان کیمرہ اور شہریوں کو باہر رکھا جائے۔
عدالت نے ریمارکس دئیے سماعت میں پہلے ہی شہری شریک نہیں کیونکہ جیل میں سماعت ہو رہی ہے،دوران سماعت وکلا کو چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سے اڈیالہ جیل میں قائم کمرہ عدالت میں ملاقات کی اجازت دی گئی۔
دریں اثنا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سائفر کیس کے جیل ٹرائل کےخلاف درخواست دائر کرکے وزارت قانون کو مستقبل میں جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روکنے کی استدعا کردی۔
علاوہ ازیںاسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاونڈ کرپشن کیس میں عمران خان کی ضمانت مسترد کرنے کےخلاف درخواست9اکتوبر کو سماعت کےلئے مقرر کردی، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل 2رکنی بنچ نے رجسٹرار آفس کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات ختم کر دئیے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے 9 مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت درخواستیں بحال کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا،چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے 6 صفحات کا فیصلہ جاری کیا،تفصیلی فیصلے کے مطابق عدالت نے ضمانت درخواستیں مسترد کرنے کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دےدیا۔
فیصلے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کا حاضری سے استثنیٰ بھی بحال کر دیا گیا،چیئرمین پی ٹی آئی جان بوجھ کر عدالت سے غیر حاضر نہیں ہوئے، ضمانت منسوخی کے باوجود ریاست نے چیئرمین پی ٹی آئی کو مقدمات میں گرفتار نہیں کیا،فیصلے میں ہدایت کی گئی ٹرائل کورٹ نقطہ دیکھتے ہوئے ضمانت درخواستوں پر فیصلہ کرے۔
سائفر کیس، عمران کی ضمانت درخواست پرسماعت اوپن کورٹ میں ہی ہوگی، ہائیکورٹ
















