لاہور ( ہیلتھ رپورٹر )پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے تمام شعبہ جات 24 گھنٹے مصروف عمل ہیں،ڈاکٹرز پیرا میڈیکس اور نرسنگ سٹاف کی پیشہ ورانہ خدمات قابل ستائش ہیں ،بہبود مریضاں کے علاج و معالجہ کےلئے ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کیا جاتا ،پنجاب انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی مریضوں کےلئے ہمہ وقت فعال ہے،بہبود مریضاں کےلئے عملی خدمات سر انجام دینا اولین فرض ہے جس پر آج تک سمجھوتہ نہیں کیا ۔ان خیالات کااظہار میڈیکل سپریٹنڈنٹ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر تحسین نے روزنامہ مشرق سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔
ڈاکٹر تحسین نے کہاپی آئی سی پنجاب کا ایک ایسا ہسپتال ہے یہاں پر ہر وقت دل کے امراض میں مبتلاءمریضوں کی کثیر تعداد علاج کےلئے ہسپتال کا رخ کرتی ہے جن کے علاج میں ایک لمحہ بھی تاخیر نہیں ہوتی ، ایمرجنسی میں داخل مریضوں کی دیکھ بھال کےلئے ڈاکٹرز پیرا میڈیکس اور نرسنگ سٹاف کی پیشہ ورانہ خدمات پر فخر ہے اور یہ بات کسی اعزاز سے کم نہیں ،او پی ڈی 4 منزلہ عمارت پر تعمیر ہے، اوپی ڈی میں مریضوں کو ای سی جی، ای ٹی ٹی اور پتھالوجی کولیکشن پوائنٹ کی سہولیات موجود ہیں، اوپی ڈی میں روزانہ کی بنیاد پر تقریبا ً2000 کے قریب مریضوں کے چیک اپ کے بعد مفت ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں، مریضوں کے چیک اپ کےلئے میڈیکل کنسلٹنٹ اعلیٰ تربیت یافتہ ڈاکٹروں کی ٹیم بہبود مریضاں کی خدمات کےلئے ڈیوٹی پر معمور ہے۔
میڈیکل سپریٹنڈنٹ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے کہاپی آئی سی میں مریضوں کےلئے کارڈیک سرجری کا شعبہ جس کا شمار پاکستان کے سب سے بڑے کارڈیک سر جیکل مراکز میں ہوتا ہے جس میں ہمارے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور نامور سرجنوں کی ٹیم ہر سال دل کے 2000 سے زیادہ مریضوں کے کامیاب آپریشن کرنے میں مصروف عمل ہے جس میںبڑے اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ اس کے علاوہ دل کی شریانوں کی بیماری، دل کے والو کی بیماری، دل کے پیدائشی نقائص کےلئے سرجری، دل کے ٹیومر یا دل کے آس پاس کی بیماریوں کےلئے بہترین، جدید ترین جراحی علاج فراہم کر رہے ہیں ، ایک سوال کے جواب ایم ایس پنجاب انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر محمد تحسین نے کہا ہے وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے ہسپتالوں کے ذاتی دورے تاریخی اقدام ہیں ۔
پی آئی سی میں بہترین طبی سہولیات میسر،ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کیا جاتا،ڈاکٹر تحسین
















