ملک سے دہشتگردی کی لعنت کا خاتمہ کریں گے،وزیراعظم

اسلام آباد (بیورورپورٹ) وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے ملک سے دہشتگردی کی لعنت کا خاتمہ کریں گے۔

نگران وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا،مستونگ اور ہنگو میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت ،جاں بحق افراد کےلئے فاتحہ خوانی،زخمیوں کےلئے جلد صحت یابی کی دعا کی گئی، وزیر داخلہ نے شرکا کو بریفنگ دی۔

وفاقی کابینہ نے ترکیہ کی پارلیمنٹ سے متصل پولیس ہیڈ کوارٹرز پر دہشتگرد حملے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انوارالحق کاکڑ نے کہا ملک سے دہشتگردی کی لعنت کا خاتمہ کریں گے، پیشہ وارانہ تعلیم و فنی تربیت کے پروگرامز کو بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے، ہنر مند افراد کیلئے بیرون ملک روزگار مواقع بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں، افرادی قوت سرمایہ ہے، افرادی قوت کو عصری تقاضوں کے مطابق ہنر کی فراہمی کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے۔

نگران وزیراعظم نے کہا فنی و پیشہ وارانہ تربیت کے موجودہ تمام مراکز کو فعال کیا جائے۔


وفاقی کابینہ نے وزارت تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر تکامل اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے مابین سروس لیول کے ترمیمی معاہدے ،ایریا سٹڈیز سینٹر، یونیورسٹی آف پشاور اور کوروینس یونیورسٹی ہنگری کے سینٹرل ایشیا ریسرچ سینٹر کے مابین معاہدے کی یادداشت پر دستخط کی منظوری دےدی،وزارت خزانہ کی سفارش پر سمٹ بینک لمیٹڈ کا نام بینک مکرمہ لمیٹڈ رکھنے ،وزارت داخلہ کی سفارش پر وفاقی کابینہ نے حکومت پاکستان اور حکومت ایکواڈور کے مابین معاہدے کی منظوری بھی دیدی ،دونوں ممالک کے ڈپلومیٹک، آفیشل اور سپیشل پاسپورٹ ہولڈرز باہمی طور پر ویزا سے مستثنیٰ ہوں گے۔

دریں اثنانگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت انسداد پولیو کی نیشنل ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا،وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہاپولیو کے ملک سے مکمل خاتمے کیلئے معاشرے کے ہر طبقے کو قومی فریضے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،ملک کے 3اضلاع میں پولیو وائرس کی موجودگی پر تشویش ہے۔

وزیراعظم نے کہاپولیو وائرس کے خلاف جنگ مستقبل کے بقا کی جنگ ہے جسے ہر قیمت پر جیتنا ہی ہوگا،بچوں کے محفوظ اور صحتمند مستقبل کیلئے ہر کسی کو پولیو کے خاتمے کے مقدس مشن کا حصہ بننا ہوگا،علماء، اساتذہ، والدین اور تمام سٹیک ہولڈرز کو انسداد پولیو کی آگہی مہم کا حصہ بنایا جائے،پولیو ورکرز کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے،پولیو کے کیسز میں نمایاں کمی آگئی ،موذی مرض کے جڑ سے خاتمے تک بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے،انوار الحق کاکڑ نے کہاانسداد پولیو کے قومی پروگرام میں بڑھ چڑھ کر شرکت کرنے و کلیدی تعاون پر تمام بین الاقوامی شراکت داروں کے شکر گزار ہیں۔

دریں اثنا اپنی ٹوئٹ میںنگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاملک سے پولیو کے خاتمے کےلئے انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا ،سب ملکرپاکستان کو پولیو سے محفوظ بنائیں گے۔

علاوہ ازیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز نے ملاقات کرکے ملک میں مذہبی ہم آہنگی کی موجود صورتحال سے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق قبلہ ایاز نے وزیراعظم کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کرنے پر خراج تحسین پیش کیااوراسلامی نظریاتی کونسل کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔

انوار الحق کاکڑ نے کہااسلامی نظریاتی کونسل ملک میں مذہبی ہم آہنگی و امن و امان برقرار رکھنے کےلئے فعال کردار ادا کرتا رہا ہے،ملک کے طول و عرض میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کےلئے اسلامی نظریاتی کونسل کو مزید متحرک ہونا ہو گا۔

وزیراعظم سے نگراں وزیر قانون احمد عرفان اسلم ،سابق سپیکر بلوچستان جمال شاہ بھی ملے،سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔