آرمی چیف نے واضح کردیاسمگلنگ میں ملوث اہلکاروں کاکورٹ مارشل ہوگا،وزیر داخلہ

اسلام آباد ،کراچی(بیورورپورٹ)وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہاہے آرمی چیف نے واضح کردیاسمگلنگ میں ملوث اہلکاروں کاکورٹ مارشل ہوگا،افغان تجارت کے نام پر ٹریڈ کم سمگلنگ زیادہ تھی، ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچا،سمگلنگ اونٹوں نہیں ٹرکوں کے ذریعے سکیورٹی ایجنسیوں کی ناک کے نیچے ہوتی ہے ،سیاستدان ،سرکاری افسر بھی شامل ہیں ،تحقیقات میں کچھ نکلا تو سامنے لائیں گے۔

وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کےساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا فوج اپنے احتساب کے نظام کو 9 مئی واقعات کےخلاف کارروائی میں ثابت کرچکی، آرمی چیف نے بڑے واضح انداز میں ہدایت دیں نہ صرف کورٹ مارشل ہوں گے بلکہ جو لوگ ملوث ہیں ان کو جیل بھی بھیجا جائےگا،کچھ اقدامات کرنے سے ڈالر بہت حد تک نیچے آیا،ایک ماہ میں سمگلنگ کےخلاف بھرپور کوششیں کیں، قانونی کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، غیرقانونی کام و حوالہ ہنڈی پر اب ریاست سختی سے نمٹے گی، پٹرول کی 10 ہزار 195 لٹر مقدار پکڑی گئی، پٹرول میں ملاوٹ اور مقدار میں کمی پرپمپ کےخلاف کارروائی ہوگی۔


نگران وزیر داخلہ نے کہاتمام صوبوں کا فوڈ ڈیٹا اکٹھا کرلیاتاکہ پتہ لگے خوراک کی کتنی ضرورت ہے، حوالہ و ہنڈی کا کاروبار کرنے والوں کو کوئی جگہ نہیں ملے گی،سی کیٹیگری کی ایکسچینج کمپنیز کو بند کر دیا ، اے و بی کیٹیگری کمپنیز پر بھی نظر رکھی جارہی ہے،اب تک 2200 میٹرک ٹن گندم کی سمگلنگ روکی، ڈالر کی غیر قانونی ترسیل پر 168 ایف آئی آر درج کی گئیں،اربوں ڈالر برآمد کرلیے،43 میٹرک ٹن منشیات پکڑی، ڈالر کی اصل قیمت کے قریب قریب پہنچ گئے ۔

سرفراز بگٹی نے کہاملک بھر میں منشیات کےخلاف مہم چلا رہے ہیں، انسداد منشیات عدالتوں کے مقدمات میں 80 فیصد سزائیں ہوئیں، وقت محدود ہے اس لیے روز مرہ کی چیزوں پر توجہ ہے، ایپکس کمیٹی اجلاس کے بعد پوری معلومات فراہم کروں گا،سمگلنگ کی روک تھام کیلئے جوائنٹ چیک پوسٹیں بن رہی ہیں، صوبائی سرحدوں پر جوائنٹ فورسز تشکیل دےدیں۔

وزیر داخلہ نے کہاکوئی کتنا بھی بڑا آدمی ہو کسی کےلئے کوئی نرمی نہیں،بلوچستان میں ہونےوالی دہشتگردی میں”را“ ملوث ہے، تحقیقات کے بعد بتائیں گے سانحہ مستونگ کے سہولت کار کون تھے،ٹارگٹ کہاں سے سلیکٹ کیا گیا؟جلد معلومات سے جلد آگاہ کریں گے، سکیورٹی فورسز نے جواں مردی سے دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑی،دہشتگردی کےخلاف زیرو ٹالرنس ہے۔

سرفراز بگٹی نے مزید کہا دہشتگردوں کی غلط فہمی ہے ریاست پاکستان کو بیک فٹ پر کر دیں گے،دشمن سن لے پسپا ہونے والے نہیں،فرنٹ فٹ پر آئیں گے اور ملک میں ایک بھی دہشت گرد نہیں ہو گا، بندوق کے زور پر کسی کا ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ری ایکشن آنا تھا، مکمل کارروائی کرنے جا رہے ہیں،دشمن عناصر کے پاس خودکش حملوں کے علاوہ اور ہے کیا؟ دہشتگردی کی جنگ ہے، مشکل ہے ناممکن نہیں، جنگ ضرور لڑیں گے،آنے والے دنوں میں دیکھیں دہشتگردی میں واضح کمی نظر آئے گی۔

ایک سوال پر وزیر داخلہ نے کہارانا ثنا میرے بڑے بھائی ہیں ، ایسی کوئی بات نہیں کی جس سے دل آزاری ہوئی ہو،وطن واپسی پر نوازشریف کےساتھ قانون کے مطابق سلوک ہوگا اگر نواز شریف وطن واپس آکر سیاست میں حصہ لینا چاہتے ہیں تو حوصلہ افزا بات ہے، نواز شریف تو وہ لیڈر ہیں جو بیٹی سمیت جیل جانے کےلئے آگئے تھے،الیکشن میں سکیورٹی فراہم کرنا حکومتی ذمہ داری ہے،الیکشن کمیشن کےساتھ ہرطرح کاتعاون کیا جائےگا۔

دریں اثناپاک فوج اور نگران حکومت کی ملکی معیشت میں بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے ثمرات آنا شروع ہوگئے، ڈالر کے انٹربینک و اوپن ریٹ 287 روپے سے نیچے آگئے،ذخیرہ اندوزوں کےخلاف کریک ڈاون روپے کی قدر و ڈالر میں کمی کا باعث ہیں۔

دوسری جانب کراچی میں ڈالرز مافیا کی جانب سے 50 ملین سے زائد ڈالرز گھروں میں چھپائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے مختلف بینکوں و منی چینجرز کا ریکارڈ حاصل کر کے ڈالر و غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث افراد کی فہرستیں مرتب کر لیں،غیر ملکی کرنسی کو انویسٹمنٹ سمجھ کر خریدنے والے کراچی کے بڑے مگرمچھوں نے تاحال 50 ملین سے زائد امریکی ڈالرز و دیگر غیر ملکی کرنسی واپس جمع نہیں کرائی ، ذرائع کے مطابق مافیاز کی فہرستوں میں شامل افراد کراچی کے اولڈ سٹی ایریا کے علاقے لیاری، کھارادر، میٹھادر، صدر، باتھ آئی لینڈ، کلفٹن، ڈیفنس اور دیگر علاقوں کے رہائشی ہیں،مرتب فہرستوں میں شامل افراد کے گھروں پر ٹارگٹڈ کارروائیاں شروع کردی گئیں۔