مفرور ملزموں کو نہ پکڑنا بھی جرم ہے،سندھ ہائیکورٹ

کراچی (بیورورپورٹ) سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے ہیں مفرور ملزموں کو نہ پکڑنا بھی جرم ہے،عدالت نے بلدیہ فیکٹری کیس میںتمام مفرور ملزموں کے شناختی کارڈ اور اکاونٹس بلاک کرنے کا حکم دےدیا۔

حماد صدیقی سمیت دیگر مفرور ملزمو ںکی عدم گرفتاری پر سماعت ہوئی، آئی جی سندھ پولیس رفعت مختارکی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی،آئی جی سندھ کی رپورٹ کے مطابق سندھ میں 50 ہزار 58 ملزم مفرور ہیں، لاڑکانہ ڈویژن میں مفرور ملزموں کی تعداد 23 ہزار سے زائدہے۔

جسٹس کے کے آغا نے رپورٹ پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ریما رکس دئیے مفرور ملزموں کو نہ پکڑنا بھی جرم ہے،عدالت نے آئی جی سندھ کو مفرور ملزموں کی گرفتاری کا ٹاسک دیتے ہوئے تمام مفرور ملزموں کے شناختی کارڈ اور اکاونٹس بلاک کرنے کا حکم دےدیا،سندھ ہائیکورٹ نے کہاصوبے میں کوئی سیاسی حکومت نہیں ، ملزموں کی گرفتاری پر کوئی ایم این اے ،ایم پی اے مداخلت نہیں کرے گا،اتنی بڑی تعداد میں مفرور ملزموں کی وجہ سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے، صرف لاڑکانہ ڈویژن میں 23 ہزار مفرور ملزم ہیں تو ڈی آئی جی لاڑکانہ کیا کررہے ہیں؟،آئی جی سندھ نے موقف پیش کیا 40 دن پہلے چارج لیا ، ڈی آئی جی لاڑکانہ کو حال ہی میں تعینات کیا گیا ۔

عدالت نے آئی جی سے استفسار کیا مفرور ملزموں کی گرفتاری کےلئے کوئی ایس او پی، کوئی میکنزم تو ہوگا،گرفتار کرنا آپ کی کی ذمہ داری ہے، کسی اور آئی جی کا انتظار نہیں کریں گے،نگران حکومت سے بھی توقع ہے مفرور ملزموں کی گرفتاری میں معاونت کرے گی،عدالت نے وزارت خارجہ کی جانب سے تینوں مفرور ملزموں کے پاکستانی پاسپورٹ بلاک نہ کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا آئندہ سماعت تک تینوں مفرور ملزموں کے پاسپورٹ بلاک کر کے رپورٹ پیش کریں ورنہ سیکرٹری داخلہ عدالت میں پیش ہوں۔