کراچی والوں پر بجلی کی گولہ باری،4.45روپے یونٹ مہنگی

کراچی،اسلام آباد(بیورورپورٹ)کراچی والوں پر بجلی کی گولہ باری،قیمت میں4.45روپے یونٹ اضافہ کردیا گیا۔

،نیپرا کے مطابق اضافے کی منظوری گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی،اضافی وصولیاں اکتوبر اور نومبر 2023 میں کی جائیں گی،فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیاگیا، نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد اضافے کا اطلاق ہو جائے گا۔

ادھر بجلی مزید1.83روپے یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر نیپرا نے فیصلہ محفوظ کرلیا،سی پی پی اے حکام کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی۔

نیپرا اتھارٹی نے دوران سماعت سی پی پی اے کی درخواست کا جائزہ لیا،خیبر پختونخوا کے رکن نے پوچھا فرنس آئل کے پاور پلانٹس کو چلانے کی ضرورت کیوں پڑتی ہے؟ نیپرا حکام نے کہا سسٹم کنسٹرینٹس پر25 ارب روکے ہوئے ہیں۔

ممبر کے پی نے کہا سسٹم آپریٹر کے پیسے روکے ہیں لیکن مسائل حل نہیں ہوتے، پیسوں کا بوجھ کہیں نہ کہیں حکومت پر آرہا ہے، مجھے اڑھائی سال ہوگئے اور ہر سماعت میں سسٹم کے مستقل مسائل کاسن رہے ہیں، آپ کی نااہلی کس پر ڈالیں گے؟ حکومت یا صارفین پر؟۔

سی پی پی اے نے کہا ترسیلی نظام میں اگر بہتری لائی جائے تو مقامی کوئلے سے مزید بجلی پیدا کرسکتے ہیں، نیپرا حکام نے کہا ترسیلی نظام میں مستقل مسائل ہیں جن کی وجہ سے آر ایل این جی سے مہنگی بجلی پیدا کی جاتی ہے، سسٹم کنسٹرینٹس کی اصل وجہ سسٹم آپریٹر ہی بتا سکتا ہے،ممبر کے پی نے کہا آپ کے 5مزید پاور پلانٹس بھی میرٹ آرڈر کےخلاف چلے ۔

بعدازاں سی پی پی اے کی درخواست پر نیپرا اتھارٹی نے فیصلہ محفوظ کرلیا اور کہا صرف درخواست گزار ،سٹیک ہولڈرز کو سنا ، کوئی فیصلہ نہیں کیا، اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔