بیجنگ سٹریٹجک دوست ،چینی باشندوں کو فول پروف سکیورٹی دینگے،سرفراز بگٹی

بیجنگ (مشر ق نیوز)وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے چینی ہم منصب وانگ ژاو ہانگ سے ملاقات کی ،باہمی ترقی و سکیورٹی کیلئے تعاون مزید بڑھانے کیلئے پختہ عزم کا اظہار کیاگیا ۔

وزیر داخلہ نے کہاپاکستانی وفد کے پرتپاک استقبال و مہمان نوازی پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،چین پاکستان کا آزمایا ہوا اور سدا بہار سٹریٹجک دوست ملک ہے،سرفراز بگٹی نے کہاچینی حکومت ،عوام کی مختلف چیلنجز کے دوران پاکستان کی غیر مشروط حمایت قابل تحسین ہے ،وزیر داخلہ نے چینی ہم منصب کو پاکستان میں چینی باشندوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔

سرفراز بگٹی نے پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کیلئے سکیورٹی اقدامات سے بھی آگاہ کیا، چینی وزیر برائے پبلک سکیورٹی نے دہشتگردی و منشیات کی روک تھام کیلئے حکومت پاکستان کے مضبوط عزم و اقدامات کو سراہا۔

وانگ ژاو ہانگ نے چینی شہریوں و تنصیبات کی سکیورٹی کیلئے پاکستانی حکومت کے اقدامات کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہاپاکستان ،چین مشترکہ تعاون کے ذریعے دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنا سکتے ہیں۔