لاہور(کورٹ رپورٹر)سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار کرنے کی نیب اپیل مسترد ،لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ سنادیا۔
جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس راحیل کامران پر مشتمل 2رکنی بنچ نے نیب اپیل پر سماعت کی، نیب نے انٹرا کورٹ اپیل میں موقف اختیار کیا سنگل بنچ کا فیصلہ حقائق کے برعکس ہے، نیب کیسز پر صرف 2رکنی بنچ سماعت کا اختیار رکھتا ہے، سنگل بنچ نے حقائق کے برعکس پرویز الٰہی کو کسی بھی مقدمہ میں گرفتار کرنے سے روکا،عدالت سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے اور اپیل کے حتمی فیصلے تک فیصلہ معطل کرے۔
لاہور ہائیکورٹ نے استدعا مسترد کرکے پرویز الٰہی کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا سنگل بنچ کا فیصلہ برقرار رکھا اور نیب اپیل ناقابل سماعت قرار دےکر نمٹا دی،جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2رکنی بنچ نے 5صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہانیب متاثرہ فریق نہیں ، سنگل بنچ کے فیصلے میں نیب سے متعلق کوئی خاص ہدایات جاری نہیں کی گئیں، نیب اپیل ناقابل سماعت قرار دے کر نمٹائی جاتی ہے۔
دریں اثنا ضلع کچہری لاہور میں پرویز الٰہی کےخلاف اینٹی کرپشن کی جانب سے درج اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کے 2 مقدمات پر سماعت ہوئی،عدالت نے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی،بعدازاں جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پرویز الٰہی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
ادھر خان بھٹی کی بطور پرنسپل سیکرٹری غیر قانونی تعیناتی کیس میںپنجاب کے 2سینئر بیوروکریٹس کو بھی نامزد کردیا گیا،پنجاب کے موجودہ سیکرٹری ایکسائز اور سابق ڈی جی ایکسائز شامل ہیں جبکہ اینٹی کرپشن لاہور ریجن کی ٹیم نے نیا مقدمہ درج کرکے سابق وزیر اعلیٰ پرویزالٰہی کی گرفتاری ڈال دی،نئی ایف آئی آر میں سابق پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیر اعلیٰ خان بھٹی،سابق سیکرٹری سروسز پنجاب مسعود مختار،سابق سیکرٹری کوآرڈینیشن ڈاکٹر آصف طفیل کو بھی نامزد کردیا گیا۔
پرویز الٰہی کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار کرنے کی نیب اپیل مسترد
















