اسلام آباد(بیورورپورٹ) چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے پٹھان کا اخلاق بے مثال، بس دشمنی بڑی لمبی چلاتے ہیں۔
زمین تنازع کیس پرسماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا وکیل کےساتھ دلچسپ مکالمہ ہوا،وکیل منیر پراچہ نے بتایا 2 بھائیوں کا آپس میں تنازع تھا،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا پٹھان تو سب سے اچھے ہوتے ہیںجتنا اخلاق آپ کو وہاں ملے گا ایسا کہیں اور نہیں، پٹھان بس دشمنی بڑی لمبی چلاتے ہیں، وکیل نے کہا لگتا ہے میں نے غلط جگہ پر ایسی بات کردی، اس موقع پر عدالت میں قہقہے لگ گئے۔
چیف جسٹس نے ساتھی ججز کو دیکھ کر ریمارکس دئیے مجھے نہیں لگتا بنچ میں معاملے پر اتفاق رائے ہوگا،عادی مقدمہ بازی کے راستے کو بند کرنا ہے۔
دریں اثنا چیف جسٹس کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے ایک روز میں5میں سے 3مقدمات نمٹادئیے،ملازمت کیس میں پاکستان پوسٹ کی درخواست خارج کر دی گئی،قتل کیس میں ضمانت منسوخی کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی گئی،سپریم کورٹ نے سی ڈی اے لینڈ ڈپارٹمنٹ کیس میں ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی،ملازمت بحالی کےلئے دائر اپیل میں وکیل کی استدعا پر2ہفتوں کا وقت دےدیا۔
مزید برآںچیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے انتظامی معاملات چلانے کیلئے واٹس اپ گروپ تشکیل دےدیا،ذرائع کے مطابق واٹس اپ گروپ میں سپریم کورٹ کی رجسٹرار جزیلہ سلیم ،ایڈیشنل رجسٹرارز اور ڈپٹی رجسٹرارز کو بھی شامل کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے واٹس ایپ گروپ سپریم کورٹ کے انتظامی معاملات مستعدی سے چلانے کیلئے تشکیل دیا گیا۔
علاوہ ازیںبنچز کی تشکیل اور زیر التوا مقدمات کے معاملے پر چیف جسٹس نے اہم اجلاس بدھ کو3 بجے طلب کرلیا، سپریم کورٹ ،پاکستان بار کونسل کو بھی شرکت کی دعوت دےدی گئی،اجلاس میں فراہمی انصاف کو بہتر کرنے کے معاملے پر وکلا تنظیموں کی تجاویز لی جائیں گی۔
پٹھان کا اخلاق بے مثال، بس دشمنی بڑی لمبی چلاتے ہیں، چیف جسٹس

















