بار بار کہہ رہا ہوں ڈرو گے تو مرو گے،اتحادی جماعتیں خوفزدہ،الیکشن سے بھاگ رہی ہیں:بلاول بھٹو

حیدرآباد(بیورورپورٹ)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ حکومت میں شامل اپنے اتحادیوں کو الیکشن سے بھاگنے والا قرار دے دیا،بلاول بھٹو زرداری نے حیدرآباد کے علاقے حسین آباد میں واٹر فلٹر پلانٹ کا افتتاح کیا، انہوں نے کہا منصوبے کی بدولت حسین آباد، شاہ لطیف اور قاسم آباد ٹاو¿ن کی عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا سلیکٹڈ، نااہل اور نالائق وزیراعظم کےخلاف تحریک میں حیدرآباد کے عوام نے بھرپور ساتھ دیا، عوام نے کبھی مجھے مایوس نہیں کیا، نالائق کو نکالنے میں ہم حیدرآباد کی عوام کی مدد سے کامیاب ہوئے، وہ جیالوں کی محنت کی وجہ سے وزیر اعظم نہیں رہا،ہمارے اتحادی الیکشن سے بھاگ رہے ہیں تو انہیں بھاگنے دیں، سیاست میں ”جو ڈر گیا وہ مر گیا“، ہمارے اتحادی اور سیاسی جماعتیں ڈر کر جنرل الیکشنز سے بھاگ رہی ہیں، ڈر کر بھاگنا پیپلز پارٹی کی تربیت نہیں،انہوں نے کہا اسلام آباد کے حکمران بڑی بڑی باتیں کررہے ہیں،پی ٹی آئی کی عوام دشمن سلیکٹڈ قیادت کا مقابلہ عوام کی طاقت سے کریں گے، پہلے ملیر کے جیالوں نے عمران خان کی ضمانت ضبط کرائی، اب ملک بھر میں اس کی ضمانت ضبط کرائیں گے،سابق وزیر خارجہ نے کہا سیلاب متاثرین کو پلان کے تحت ریلیف دینا چاہ رہے ہیں، گھربناکر دینے کا منصوبہ شروع کیا، معاشی طور پران کو مضبوط کیا، یہ منصوبہ ہم سندھ کے علاوہ دوسرے صوبوں میں بھی لانا چاہتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے عوام کےلئے گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا ، غریبوں سے چھت چھین کربنی گالہ کو ریگولرائز کرواکر خودکو صادق امین کہہ رہاتھا،انہوں نے کہا میں نے ایم کیو ایم کو بلدیاتی الیکشن لڑنے کا کہا لیکن وہ نہیں مانے، میں ان سے بھیک مانگتا رہا کہ اپنی جگہ پی ٹی آئی کو نہ دو، صرف پاوں پکڑنے کی کسر رہ گئی تھی، مگر وہ ڈر کر پیچھے ہٹ گئے،انہوں نے مزید کہا ہمارا پی ٹی آئی کو پیغام ہے کہ ہم آپ سے نہیں ڈرتے ہم مقابلہ کرنے آرہے ہیں، میں پی ٹی آئی کا مقابلہ نگراں وزیراعظم کی طاقت سے نہیں بلکہ عوام کی طاقت سے کروں گا، پیپلزپارٹی کی کردار کشی گزشتہ 3 نسلوں سے ہوتی آرہی ہے، آج بھی جھوٹا پروپیگنڈا پنجاب اور پشاور میں بکتا ہے۔