امریکی حکومت پاکستانی پاکستانی سیاست میں مداخلت نہیں کر رہی: سینیٹرکرس وان ہالن

واشنگٹن (مشر ق نیوز) ڈیمو کریٹک پارٹی کے سینیٹر کرس وان ہالن کاکہنا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ پاکستانی سیاست میں مداخلت نہیں کر رہی۔ واشنگٹن میں پاکستانی ڈاکٹرز کی تنظیم کے ڈی ایم وی چیپٹر کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں امریکی سینیٹر کرس وان ہالن مہمانِ خصوصی تھے۔

امریکی سینیٹر کرس وان ہالن نے پاکستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک عرصے سے بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہوں، بائیڈن انتظامیہ پاکستانی سیاست میں مداخلت نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ اعتماد سے کہہ سکتا ہوں کہ پاکستانی سیاست سے متعلق کچھ بھی انجینئر کرنے کی کوشش نہیں ہوئی ، یہ پاکستانی عوام پر منحصر ہے کہ وہ اپنے قائدین کا فیصلہ کریں، یقینی بنایا جائے کہ پاکستانی عوام کی مرضی سنی جائے اور ان کی عکاسی کی جائے۔

امریکی سینیٹر کاکہنا تھا کہ پاکستان میں انتخابات کا آزادانہ اور منصفانہ ہونا ضروری ہے۔ امریکہ، دیگر جمہوریتیں اور پاکستانی عوام دلچسپی رکھتے ہیں کہ انتخابات آزادانہ اور منصفانہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ پاکستان کے ساتھ انتہائی مضبوط اور دو طرفہ تعلقات کی خواہاں ہے، پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات دنیا بھر میں استحکام اور سلامتی کیلئے اہم ہیں۔

سینیٹر کرس وان ہالن نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیلاب کے بعد امریکہ کی مدد دیکھنے میں آئی، امریکہ نے پاکستان کے معاملے میں آئی ایم ایف کو ہنگامی معاشی ریلیف کے ساتھ آگے آنے کیلئے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔