لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے زکریا ہسپتال راوی روڈ میں نئے آڈیٹوریم کا افتتاح کیا،اس موقع پر ڈاکٹرز کی کثیر تعداد بھی شرکت موجو دتھی ۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر آڈیٹوریم کیلئے خصوصی کاوش کرنے پر زکریا ہسپتال کے ذمہ داران میں پھولوں کے گلدستے اور یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کیں۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ زکریا ہسپتال راوی روڈ میں نئے آڈیٹوریم کیلئے انتظامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔ صحت کے نجی شعبہ میں کوالیفائیڈ سہولیات انتہائی خوش آئند ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ پنجاب میں انسانیت کے دشمنوں اتائیوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے خدمت انسانیت سے بڑا کوئی جذبہ نہیں رکھا۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا پہلی ترجیح ہے۔ دوسری طرف نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم میٹروبس حادثہ میں زخمی ہونے والوں کی خیریت دریافت کرنے کےلئے گنگارام ہسپتال کی ایمرجنسی میں پہنچ گئے اور زخمیو ںکو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر پرو وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر کامران خالد، پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر نورین اکمل، قائم مقام ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹر اطہر و دیگر فیکلٹی ممبران موجود تھے۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج میٹروبس کو جنازگاہ مزنگ سٹاپ پر افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے۔ حادثہ کے نتیجہ میں 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دس میں سے سات زخمیوں کو گنگارام ہسپتال لایا گیا ہے۔ گنگارام ہسپتال میں لائے گئے تمام مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے بتایاکہ گنگارام ہسپتال میں تمام مریضوں کا بہترین علاج و معالجہ جاری ہے۔ گنگارام ہسپتال میں میٹروبس کے حادثہ میں شمائلہ، حنا، نایاب، نزہت، زاہرہ، مہک اور حاجرہ مریضہ شامل ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے حادثہ کے زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔میٹروبس حادثہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کروائی جائیں گی۔واقعہ کی مکمل تحقیقات کے بعد حقائق عوام کے سامنے رکھے جائیں گے۔ بظاہر واقعہ میں بس ڈرائیور کی غفلت سامنے آ رہی ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ گنگارام ہسپتال میں سینئر پروفیسرز کی ٹیم میٹروبس حادثہ کے مریضوں کا علاج کر رہی ہے۔ میٹروبس حادثات روکنے کیلئے بھی سدباب کریں گے۔ انہو ںنے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام مریضوں کو مکمل صحت عطا فرمائے۔
سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی پہلی ترجیح ہے :ڈاکٹر جاوید اکرم

















