سیالکوٹ،لاہور(بیورورپورٹ،خبر نگار،اپنے نمائندے سے)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سیالکوٹ میں علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال،رنگ پورہ تھانہ اور سیالکوٹ سمبڑیال روڈ کا 4 گھنٹے طویل دورہ کیا۔
ہسپتال کے مختلف وارڈز میں گندی وخون آلودبیڈ شیٹس ،میٹرس میں کھٹمل پائے گئے،وارڈز میں لال بیگ ، کیڑے رینگتے نظر آرہے تھے جبکہ سیم زدہ دیواریں،ناقص صفائی،واش رومزکی ابتر صورتحال تھی،مریضوں ،تیمارداروں نے ہسپتال گارڈزکے ناروا سلوک ،پیسے لینے ،بعض ٹیسٹ باہر سے کرانے کی شکایات کیں۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال میں سہولتوں کے فقدان و خراب صورتحال دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا اورپرنسپل ،ایم ایس کو وارننگ دی،محسن نقوی نے ہدایت کی ہسپتال کی صورتحال کو فوری طور پر درست کیا جائے ،مریضوں کی شکایات کا بروقت ازالہ ہونا چاہیے، وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی،سی ٹی سکین روم،بچہ وارڈ،میڈیکل وارڈ،سرجیکل وارڈ،ٹی این ٹی وارڈ، نیفرالوجی وارڈودیگر وارڈز کا تفصیلی جائزہ لیا،فردا فردا مریضوں کے پاس گئے، عیادت کی اورطبی سہولتوں کا دریافت کیا۔
محسن نقوی نے بچہ وارڈ میں زیر علاج 4 سالہ بچی حیا فاطمہ کو فوری طورپر خصوصی ایمبولینس میں چلڈرن ہسپتال شفٹ کرنے کی ہدایت کی،بیشتر مریضوں ،تیمارداروں نے ہسپتال میں مفت ادویات کی فراہمی پر اطمینا ن کا اظہار کیا،وزیراعلیٰ نے بچہ وارڈ میں موجود خاتون کی شکایت پر پیسے لینے والے پولیس اہلکار ،ہسپتال گارڈ کےخلاف فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا،پولیس نے پولیس اہلکار ، ہسپتال گارڈ کو فوری گرفتار کر لیااور دونوں کےخلاف محکمانہ کارروائی بھی شروع کردی۔
وزیراعلیٰ ہسپتال کے بعد رنگ پورہ تھانہ پہنچے اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا،وزیر اعلیٰ نے فرنٹ ڈیسک پر شہریوں کی درخواستوں پر کارروائی کا جائزہ لیا،حوالات میں بند ملزموں سے کیسز کاپوچھا ،محسن نقوی نے تھانے میں صفائی انتظامات کی تعریف کی،سیالکوٹ سمبڑیال روڈ کا بھی وزٹ کیا ،وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری تعمیرات ومواصلات کو سٹرک کی جلد تعمیر و بحالی کیلئے ہدایات دیں۔
دریں اثنانگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وزیر اعلیٰ آفس میں ا مریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی ،باہمی دلچسپی کے امور،دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع،زراعت، سیاحت، تاریخی عمارتوں کی بحالی کیلئے تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے امریکی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان ،امریکہ کے درمیان تعلقات کثیر الجہت نوعیت کے ہیں،پنجاب ،کیلیفورنیا کو سسٹر سٹیٹس قرار دینے کے معاہدے کے تحت تجارتی ومعاشی تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں،امریکی سفیر نے امریکہ پاکستان اقتصادی تعلقات و باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا،امریکی سفیر نے کہا پنجاب حکومت کےساتھ مختلف شعبوں میں جاری تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔
مزید برآں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عرس داتا دربارکے انتظامات کاجائزہ لینے کےلئے تفصیلی دورہ کرکے سماع ہال میں محفل سماع کا باقاعدہ افتتاح کیا،محسن نقوی نے عقیدت مندوں کےلئے تیار لنگر کھا کر معیار کو چیک کیا،سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز کو فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کےلئے ضروری ہدایات دیں،وزیراعلیٰ نے مزار پر حاضری دی اورملکی سلامتی، استحکام، امن اور عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے خصوصی دعا مانگی۔
علاو ہ ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے یوم دفاع کے موقع پر کینٹ میں یادگار شہدا پر حاضری دی ،پھول چڑھائے،وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا شہدا قوم کے سرکا تاج اورسرمایہ افتخار ہیں،اپنے لہو دے کر وطن کی سرحدوں کا دفاع کیا،پاک دھرتی کا امن شہیدوں، غازیوں اور فیملیز کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے۔
وزیراعلیٰ کادورہ سیالکوٹ،ہسپتال میں پیسے لینے والا اہلکار،گارڈ گرفتار،داتادربار پر حاضری
















