سمگلنگ کاخاتمہ یقینی ،اوورسیز پاکستانیوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں،انوار الحق کاکڑ

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو ملک سے سمگلنگ کے سد باب کی سختی سے ہدایت کردی۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت اسلام آباد میں ملکی معیشت کی موجودہ صورتحال پر اجلاس ہوا،وزیراعظم کو ملکی معیشت کے حالیہ اعشاریوں و ممکنہ حکمت عملیوں سے آگاہ کیا گیا، اجلاس میں پاکستان کی تاجر برادری و صنعتی شعبے کے معروف افراد بھی شریک تھے جنہوں نے وزیراعظم کو ملکی معیشت کے استحکام کےلئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ملک سے سمگلنگ کے سد باب کی سختی سے ہدایت کردی،اجلاس میں ڈالر کی بڑھتی قیمت کے تناظر میں فارن ایکسچینج کے غیر قانونی کاروبار کی روک تھام پر تفصیلی گفتگو کی گئی ،وزیراعظم نے امیگریشن و کسٹمز حکام کو سمندر پار پاکستانیوں کو ہوائی اڈوں پر تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

انوار الحق کاکڑنے کہاسمندر پار پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں ،معیشت کے استحکام کےلئے گراں قدر خدمات قابل تعریف ہیں، علاوہ ازیں وزیراعظم نے کسٹمز و امیگریشن حکام کو سمندر پار پاکستانیوں کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کردی۔