لاہور(کورٹ رپورٹر)سڑکوں پر نکل کرحکومت کو ٹیکسز واپس لینے پر مجبور کریں،لاہور ہائیکورٹ نے بجلی بل کے ستائے عوام کو بلز و اضافی ٹیکسز کےخلاف احتجاج کرنے کا مشورہ دےدیا۔
جسٹس شمس محمود مرزا نے بجلی بلوں میں اضافے اور ٹیکسوں کےخلاف کیس پر سماعت کی،عدالت نے ریمارکس دیئے کورٹ کے سامنے بجلی قوانین چیلنج کرنے چاہئیں، آئینی شقوں سے کام نہیں چلے گا اگر قوانین چیلنج نہیں کرنے تو احتجاج کا راستہ اختیار کریں،جسٹس شمس مرزا نے کہا احتجاج دنیا میں حکومتوں سے بات منوانے کا مہذب طریقہ ہے، لہٰذا جائیں اور جاکر سڑکوں پر احتجاج کرکے حکومت کو ٹیکسز واپس لینے پر مجبور کریں،بتایا جائے لگائے گئے ٹیکسز کیسے غیر قانونی ہیں، قوانین آئین کے بنیادی حقوق سے متصادم ہوں توعدالتیں کالعدم قرار دے سکتی ہیں، آپ نے قوانین کو اپنی پٹیشن میں کیوں چیلنج نہیں کیا۔
درخواست گزار شیخ لطیف کے وکیل احمد عبداللہ ڈوگر نے موقف اپنایا بجلی بلوں میں مختلف نوعیت کے ٹیکسز وصول کئے جارہے ہیں، ایف سی سر چارج، جی ایس ٹی، ٹی وی فیس، الیکٹرک سٹی ڈیوٹی سمیت ٹیکسز شامل ہیں،2مرتبہ جنرل ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، بجلی بلوں میں ایک یونٹ کے فرق پر ہزاروں روپے اضافہ کر دیا جاتا ہے،درخواست گزار نے استدعا کی اعلیٰ عدالتیں بجلی کے مختلف ٹیکسوں کی وصولی غیر قانونی قرار دے چکیں لہٰذا لاہور ہائی کورٹ بجلی بلوں میں ٹیکسوں کی وصولی کالعدم قرار دے۔
جسٹس شمس محمود مرزا نے پوچھا کس حد تک بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ،بتائیں کس قانون کی خلاف ورزی ہورہی ہے؟،وکیل نے جواب دیا آرٹیکل 2 اے کی خلاف ورزی ہے،جج نے پوچھا کس طرح آئین کے آرٹیکل 2کی خلاف ورزی ہے، درخواست گزار وکیل تسلی بخش جواب نہ دے سکا،عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پرفیصلہ محفوظ کرلیا ۔
عوام سڑکوں پر نکل کرحکومت کو ٹیکسز واپس لینے پر مجبور کریں،لاہور ہائیکورٹ
















