معاشی بحالی، ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے، آرمی چیف

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے معیشت کی بحالی کےلئے نگران حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت ایس آئی ایف سی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔ نگران وزرا، عسکری حکام نے سرمایہ کاری شعبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

سربراہ پاک فوج نے معاشی بحالی کےلئے نگران حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا پاک فوج پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کےلئے ہر ممکن تعاون کریگی۔ اجلاس میں خصوصی سرمایہ کاری کونسل کے اقدامات و اہم شعبوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، کمیٹی نے ایس آئی ایف سی اقدامات پر اعتماد کا اظہار اور معاشی بحالی کی مثبت رفتار کو برقرار رکھنے میں اپنے عزم و حمایت کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے خصوصی سرمایہ کاری کونسل کے موثر کام کی تعریف کی، ایپکس کمیٹی نے عالمی سطح پر رسائی حاصل کرنے کی حکمت عملی و دوست ممالک کے ساتھ جاری مصروفیات کو سراہا۔ اجلاس میں سعودی عرب، اسلامک آرگنائزیشن فار فوڈ سکیورٹی کے اعلیٰ سطحی وفود کے دوروں کو نتیجہ خیز قرار دیا گیا۔

کمیٹی نے زراعت، لائیو سٹاک، معدنیات، آئی ٹی و توانائی کے کلیدی شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کےلئے پچھلی حکومت کے منظور کردہ منصوبوں کی بھی توثیق کردی۔

نگران وزیر اعظم نے شناخت شدہ منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا نشاندہی ہونیوالے منصوبوں کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائے،کونسل کے ذریعے پہلے سے حاصل کئے گئے سازگار ماحول کی تکمیل میں تیزی لائی جائے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا ملک میں بیرونی سرمایہ کاری سے معاشی حالات کو بہتر بنایا جاسکتا ہے، سرمایہ کاروں کیلئے سازگار ماحول و سہولیات کی فراہمی حکومتی ذمہ داری ہے، پہلی بار ہے ملکی معیشت کےلئے ایک ویژن دکھائی دے رہا ہے۔