مہنگی بجلی،ہڑتال، مظاہرے، گرڈ سٹیشنوں کا گھیراو، ریلیف کامعاملہ پھر التواءکا شکار

اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ خبرنگار) مہنگی بجلی کیخلاف ہڑتال، مظاہرے، گرڈ سٹیشنوں کا گھیراو، سرکاری ملازمین بھی احتجاج میں شامل، عوام کو ریلیف کا معاملہ پھر التوا کا شکار، بجلی کی بچت و بلوں میں کمی کیلئے تجاویز تیار، حتمی فیصلے کیلئے وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کوطلب کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بجلی بلوں میں ہوشربا اضافے کےخلاف عوامی احتجاج میں تیزی آنے لگی، شہر شہر، قریہ قریہ احتجاجی مظاہرے، گرڈ سٹیشنوں کا گھیراﺅ کرکے دھرنے دئیے گئے، شرکا نے سڑکیں بلاک کردیں۔ ٹائر، بل نذرآتش کرکے غریب پر ظلم بند کرو، سول نافرمانی اور حکومت کیخلاف شدید نعرے لگائے، بل جمع نہ کرانے کے عزم کو دہرایا گیا۔

سرکاری ملازمین بھی احتجاج کا حصہ بن گئے، مظاہرین نے کہا بجلی کے بل بھریں یا بچوں کا پیٹ پالیں، بلوں میں ہوشربا اضافہ و ظالمانہ ٹیکسز واپس نہ لئے گئے تو واپڈا دفاتر میں دھرنا دیں گے، سرکاری افسروں کی مفت بجلی بند کی جائے، ٹیکسز کے نام پر خون نچوڑا جا رہا ہے، بل جمع کرائیں گے نہ کنکشن کاٹنے دیں گے۔

احتجاج کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ رہیں، کئی شہروں میں تاجروں نے شٹر ڈاﺅن ہڑتال کر کے کاروباری مراکز بند رکھے، وکلا نے عدالتوں کا بائیکاٹ کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا، احتجاجی صورتحال کے پیش نظر پولیس نے بجلی دفاتر و گرڈ سٹیشنز کی حفاظت کیلئے بھاری نفری تعینات کردی۔

دوسری جانب عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف دینے کا معاملہ پھر التوا کا شکار ہوگیا، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو بلا لیا، ذرائع کے مطابق وزارت توانائی نے بجلی کی بچت اور بلوں میں کمی کیلئے تجاویز تیار کرلیں، تجاویز کی وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائیگی۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے وزیر توانائی نے ملاقات کی، زائد بلوں پر مشاورت و ممکنہ ریلیف کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، مشاورتی عمل میں نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے بھی شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم، وزیر توانائی نے متعلقہ اداروں کے افسروں و ملازمین کو مفت بجلی کی فراہمی کے معاملے پر بھی غور کیا، وزیر توانائی نے ممکنہ ریلیف کیلئے مختلف آپشنز پیش کردئیے، وزیراعظم آفس کے مطابق بجلی بلوں میں ریلیف کیلئے حتمی فیصلے کیلئے وزیراعظم کی زیرصدارت باضابطہ اجلاس منگل کوہوگا، جولائی کے بجلی بل قسطوں میں وصول کرنے کی تجویز پر بھی غور ہوگا۔

ادھر وزارت توانائی میں بجلی بلوں پر اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں مسئلے پر تجاویز کو حتمی شکل دی گئی، وزارت توانائی کے مطابق تجاویز نگران وفاقی کابینہ میں پیش کی جائیں گی اور حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ اجلاس میں کیا جائیگا، وزارت کے مطابق تجاویز و فیصلوں کی منظوری کی مجاز وفاقی کابینہ ہے۔