سائفر کیس: شاہ محمود قریشی دن مزید جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

اسلام آباد (مشرق نیوز) سائفر کیس میں گرفتار تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو 2 دن مزید جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔ 3 روز کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر شاہ محمود کو سیکرٹ ایکٹ عدالت میں پیش کیا گیا۔

سماعت کا آغاز ہوا تو جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے جبکہ غیر متعلقہ افراد کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا گیا۔ سپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی، پی ٹی آئی وکلا بابر اعوان اور شعیب شاہین سیکرٹ ایکٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت ایف آئی اے نے شاہ محمود قریشی کا مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ مانگ لیا۔ سپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے بھی شاہ محمود کے مزیدجسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ سپیشل پراسیکیوٹر نے بھی شاہ محمود قریشی کا موبائل برآمد کرنے کیلئے مزیدجسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔