لاہور (نمائندہ خصوصی)پاکستان دشمن قوتیں پاکستان میں مذہبی و مسلکی فسادات کروانا چاہتی ہیں، ہندوستان چاہتا ہے کہ پاکستان میں مسلکی و مذہبی فسادات ہوں تا کہ دنیا کی ہندوستان میں اقلیتوں پر ہونے والے مظالم سے توجہ ہٹ جائے، تمام پاکستانیوں کو مل کر اس سازش کو ناکام بنانا ہو گا، جڑانوالہ میں قرآن کریم کی توہین کے مجرم ہوں یا چرچ اور مسیحی برادری کے گھروں کو جلانے والے سب کو سزا ملنی چاہیے ، چیف جسٹس سے سپیڈی ٹرائل کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ملک کے اندر مختلف مذاہب اور مسالک کے درمیان فساد کی سازشوں کو مذہبی قیادت اور عوام الناس کو سمجھنا ہو گا۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے اسلام آباد راولپنڈی میں علما و مشائخ اور مذہبی قائدین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر مولانا نعمان حاشر، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا ابو بکر حمید صابری، مولانا ذوالفقار ، مولانا شہباز احمد ، صاحبزادہ ثاقب منیر ، مولانا نائب خان اور دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات پایہ ثبوت تک پہنچ رہی ہے کہ جڑانوالہ سمیت مختلف مقامات پر مذہبی اور مسلکی فسادات کروانے کی سازش کی جا رہی ہے اور الحمدللہ پاکستان کے سلامتی کے اداروں نے اس کو ناکام بنایا ہے ۔ اس سازش کے پیچھے بھارت اور پاکستان دشمن قوتیں ہیں۔ ہم سب نے باہمی اتحاد سے اس کو ناکام بنانا ہے ، کوئی بھی مسیحی یا مسلم مقدسات کی توہین کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی اور نہ ہی کسی بھی جتھہ ، گروہ ، یا جماعت کو یہ اختیار دیا جا سکتا ہے کہ وہ لوگوں کی جان و مال ، عزت و آبرو اور املاک پر حملہ آور ہو۔ اس حوالے سے علما و مشائخ ، مذہبی قائدین اورعوام الناس ریاست پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور وزیر اعظم اور آرمی چیف کی طرف سے آنے والے بیانات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
پاکستان دشمن قوتیں پاکستان میں مذہبی و مسلکی فسادات کروانا چاہتی ہیں:طاہر محمود اشرفی
















