اسلام آباد(بیورورپورٹ)چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاہے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کودی جانےوالی مختصر سزابغیر نوٹس بھی معطل ہوجاتی ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی،چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے موقف اختیار کیا الیکشن کمیشن اپنے کسی افسر کو شکایت دائر کرنے کا مجاز قرار دے سکتا ہے، کیس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کو شکایت دائر کرنے کا کہا۔
لطیف کھوسہ نے کہاچیئرمین پی ٹی آئی کو ٹرائل کورٹ نے 3سال سزا سنائی، صدر مملکت نے 14 اگست کو قیدیوں کی 6ماہ سزا معاف کی، چیئرمین پی ٹی آئی کی 6ماہ سزا معاف ہوگئی،سابق وزیراعظم کی سزا کا دورانیہ پہلے بھی کم تھا،وکیل نے کہا الیکشن کمیشن چیف الیکشن کمشنر اور 4ممبران پر مشتمل ہوتا ہے، ریکارڈ میں الیکشن کمیشن کے شکایت دائر کرنے کا کوئی اجازت نامہ نہیں ۔
وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا الیکشن کمیشن کا اجازت نامہ ریکارڈ میں موجود ہے، سردار لطیف کھوسہ نے کہا اجازت سیکرٹری الیکشن کمیشن کی جانب سے دی گئی ،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سے استفسار کیا آپ کہہ رہے ہیں الیکشن کمیشن کاشکایت دائر کرنے کا اجازت نامہ قانون کے مطابق نہیں؟۔
لطیف کھوسہ نے کہا جی بالکل اجازت نامہ درست نہیں ،ٹرائل کورٹ نے ہائیکورٹ کے آرڈر کو بھی نظر انداز کیا، ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں بہت خامیاں ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کےخلاف اپیل منظور کی اور ہائیکورٹ نے درخواست دوبارہ فیصلہ کرنے کیلئے ٹرائل کورٹ کو بھجوائی،شکایت ٹرائل کےلئے براہ راست سیشن جج کے پاس نہیں جا سکتی، قانون میں طریقہ کار دیاگیا شکایت پہلے مجسٹریٹ کے پاس جائے گی، سیشن کورٹ براہ راست سن ہی نہیں سکتی، ٹرائل کورٹ کا آرڈر غلطیوں کے باعث برقرار نہیں رہ سکتا،سردار لطیف کھوسہ نے استدعا کی چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطل کر دی جائے، سزا کالعدم قرار دینے کی اپیل پر دلائل کیلئے دوبارہ عدالت کے سامنے آئیں گے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسار کیا ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں تمام ایشوز پر فیصلہ دیا گیا؟ سردار لطیف کھوسہ نے کہا بالکل نہیں جو فیصلہ دیا تھا وہ ہائیکورٹ کالعدم قرار دے چکی،جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا حتمی فیصلے میں کیا ٹرائل کورٹ نے وجوہات دیں؟۔
لطیف کھوسہ نے کہا ٹرائل کورٹ نے وجوہات نہیں دیں، ٹرائل کورٹ کے جج نے آپ کے فیصلے کو نظر انداز کیا، جسٹس طارق جہانگیری نے پوچھا ٹرائل کورٹ نے دفاع کے گواہوں کو کس بنیاد پر غیر متعلقہ کہا؟ لطیف کھوسہ نے کہا ٹرائل کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے گواہوں کو غیرمتعلقہ قرار دےدیا، ٹرائل کورٹ نے گواہوں کو جانچے بغیر اسی روز غیرمتعلقہ قرار دیا، ٹرائل کورٹ نے گواہوں کو غیرمتعلقہ قرار دینے کی وجہ لکھی ہی نہیں۔
وکیل چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکیا فوجداری تاریخ میں ایسا کبھی ہوا ہے؟ حق دفاع ختم کرنے کے ٹرائل کورٹ فیصلے کی درخواست پر نوٹس جاری ہو چکا تھا،لطیف کھوسہ نے شکوہ کرتے ہوئے کہا چیف جسٹس صاحب معذرت کےساتھ آپ نے بھی ٹرائل کورٹ کو حتمی فیصلہ کرنے سے روکا نہیں اگر ہائیکورٹ نے نہیں روکا پھر بھی جج کو حتمی فیصلہ نہیں دینا چاہیے تھا، ملزم کو اپنے دفاع میں گواہ پیش کرنے سے روکا ہی نہیں جا سکتا،ایک شخص اپنا دفاع پیش کر رہاہے آپ کیسے روک سکتے ہیں، 4گواہ تو پیش کر رہے تھے کوئی 40 تو نہیں تھے، ٹرائل کورٹ کے فیصلے سے چیئرمین پی ٹی آئی کے آئینی حقوق متاثر ہوئے، گوشوارے جمع ہونے کے 120 دن کے اندر شکایت دائر کی جا سکتی ہے، شکایت گوشوارے جمع ہونے کے 920 دن بعد دائر کی گئی یہ تو نہیں ہو سکتا میرے سر پر ہمیشہ تلوار لٹکی رہے۔
لطیف کھوسہ نے کہاٹرائل کورٹ نے نہ صرف ملزم کے دفاع کا حق ختم کیا بلکہ خواجہ حارث کی بحث بھی نہیں سنی، خواجہ حارث نے بتایا ان کے منشی کا مسئلہ بنا ہوا تھا جس وجہ سے آنے میں تاخیر ہوئی، خواجہ حارث 12بجے ٹرائل کورٹ پہنچے مگر جج نے کہا اب آپ کی ضرورت نہیں، عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا اور آدھے گھنٹے بعد 30 صفحات کا فیصلہ جاری کر دیا، ساڑھے 12 بجے فیصلہ آیا،12.35پر پولیس چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتارکر نے پہنچ گئی، چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا گھرکے گیٹ ، واش روم کا دروازہ تک توڑاگیا،وکیل لطیف کھوسہ کے دلائل مکمل ہونے کے بعد چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے پوچھا امجد پرویز صاحب کیا آپ کو کچھ کہنا ہے؟۔
امجد پرویز نے کہا کھوسہ صاحب (لطیف کھوسہ) میرے نکاح کے بھی گواہ ہیں، امجد پرویز ایڈووکیٹ کی بات پر عدالت میں قہقہے لگ گئے،وقفے کے بعد کیس کی دوبارہ سماعت شروع ہوئی تو الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے دلائل میں کہا حق دفاع پرچیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بنچ اورسپریم کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے،سپریم کورٹ ، سنگل بنچ میں زیر سماعت ہونے کی وجہ سے بنچ معاملے پر کوئی آبزرویشن نہیں دے سکتا۔
جسٹس عامر فاروق نے کہا بنچ تو سپریم کورٹ اور سنگل بنچ کے درمیان سینڈوچ ہو گیا اگرچہ سٹے نہیں تھا اس کے باوجود نوٹس تو عدالت نے کر رکھا تھا،امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا اکاو¿نٹنٹ اپنی طرف سے تو کچھ نہیں لکھتا، کلائنٹ ہی بتاتا ہے، چیف جسٹس نے کہا اگرچہ لیگل کمیونٹی سے ہیں لیکن ٹیکس ریٹرن تو نہیں بھر سکتے،وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویز نے کہا انہوں نے گوشواروں میں 4 بکریاں ظاہر کیں لیکن باقی متعلقہ چیزیں ظاہر نہیں کیں۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا 3سوالات ہیں ایک مجسٹریٹ والا، ایک دورانیے والا اور ایک اتھارٹی والا،الیکشن کمیشن وکیل نے کہا ان کا سوال یہ بھی ہے آخری دن سنا نہیں گیا، حق دفاع بھی ختم ہوا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا عدالت اس وقت سزا معطلی درخواست پر سماعت کر رہی ہے، سزا معطلی درخواست پر عدالت میرٹس پر گہرائی میں نہیں جائے گی، سوالات تو آئیں گے ملزم کو حق دفاع ہی نہیں دیا گیا۔
امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا ٹرائل کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے گواہوں کو غیر متعلقہ قرار دیا، چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے گوشوارے تو اپنے کنسلٹنٹ کی مشاورت سے جمع کرائے جاتے ہیں نہ،وکیل الیکشن کمیشن نے کہا یہ تو کلائنٹ کو بتانا ہوتا ہے اثاثے کیا تھے، چیئرمین پی ٹی آئی کی فیملی کے پاس 3 سال تک کوئی جیولری یا موٹر سائیکل تک نہیں تھی۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا مجھے تو کوئی اپنے ریٹرنز فائل کرنے کا کہے تو میں خود نہیں کر سکتا، امجد پرویز نے کہاٹیکس ریٹرن کا کیس ہی نہیں غلط ڈکلیئریشن کا ہے،اپیل میں ریاست کو فریق نہ بنانے کا اعتراض اٹھایا ،جسٹس عامر فاروق نے کہا شکایت کنندہ الیکشن کمیشن ہے اور درخواست گزار نے فریق بنایا ، ریاست کو اپیل میں فریق بنانے کی ضرورت کیا ہے؟۔
امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا سزا سنائے جانے کے بعد ملزم کا سٹیٹس مجرم میں تبدیل ہو گیا، سزا یافتہ اب ریاست کی قید میں ہے، نہیں کہہ رہااس گراو¿نڈ پر اپیل مسترد کر دی جائے، میراموقف ہے کم ازکم سٹیٹ کو نوٹس کرکے سنا جائے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسار کیا ریاست کو نوٹس بھی کر دیں تو کیا ہو گا؟الیکشن کمیشن وکیل نے کہا مینڈیٹ آف لا ہے سٹیٹ کو بھی نوٹس ہونا چاہیے،جسٹس طارق جہانگیری نے کہا جن کیسز کا آپ حوالہ دے رہے ہیں اس میں ایف آئی آر درج ہوئی تھی،کوئی ایف آئی آر موجود نہیں ،امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا قانون کی متعلقہ دونوں شقیں کہتی ہیں ریاست کو نوٹس جاری کیا جانا ہے، ریاست کے پاس فیصلے کے دفاع کا حق موجود ہے، ریاست نے فیصلہ کرنا ہے فیصلے کا دفاع کرے گی یا نہیں۔
جسٹس عامر فاروق نے کہا آپ کو لگتا ہے ریاست آ کر کہے گی سزا غلط دی گئی؟ مختصر سزا بغیر نوٹس بھی معطل ہو جاتی ہے، الیکشن کمیشن وکیل نے کہاایسا کوئی فیصلہ موجود نہیں بغیر نوٹس سزا معطل ہوئی ہو، 3سال قید کی سزا کو کم دورانیے کی سزا کہہ کر سزا معطلی کا کہا جا رہا ہے،امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کیپٹن صفدر کو صرف ایک سال قید کی سزا ہوئی تھی، ہائیکورٹ سے سزا معطل ہونے میں 3ماہ لگے ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی درخواست پر سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی مختصر سزابغیر نوٹس بھی معطل ہوجاتی ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ
















