اسلام آباد (مشرق نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کو اس سٹیج پر توشہ خانہ کیس میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے تھی، اسلام آباد ہائیکورٹ میں انہی بنیادوں پر کیس زیرسماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کیس سے متعلق اپنی رائے بھی منکشف کر دی ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ٹرائل کورٹ نے جلدی نہیں کی، وہاں گیارہ ماہ سماعت ہوئی، چیئرمین پی ٹی آئی ساتھ والی عدالت میں پیش ہوتے تھے، توشہ خانہ کیس کی عدالت میں نہیں آتے تھے۔ لیگی رہنما نے کہا کہ کیس میں تاخیر کیلئے انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں 9 درخواستیں دیں، ان کی خواہش تھی کہ جیسے فارن فنڈنگ کیس 6 سال چلتا رہا، یہ کیس بھی چلتا رہتا۔
عطا اللہ تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے معافی کی 40 درخواستیں منظور ہوئیں، پاکستان میں کسی ملزم کے ساتھ اتنی رعایت کی گئی ہو تو بتائیں۔
سپریم کورٹ کو توشہ خانہ کیس میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے تھی: عطا اللہ تارڑ
















