اشیا کی مقرر نرخوںپر فروخت یقینی بنائی جائے،عوام کو حقیقی ریلیف دینگے،محسن نقوی
لاہور ( خبر نگار)نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اہم اجلاس ہوا ،صوبے کے عوام کو ریلیف دینے اور مہنگائی کنٹرول کرنے کےلئے اہم فیصلے کئے گئے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا پنجاب میں تمام منڈیوں کی مانیٹرنگ ہو گی،صوبائی وزرا،مشیر،کمشنرز اورڈپٹی کمشنر زمنڈیوں کے باقاعدگی سے دورے کریں، محسن نقوی نے ہدایت کی اشیائے ضروریہ کی ریٹ لسٹ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ،دکانوں پر ریٹ لسٹ نمایاں طور پر آویزاں ہونی چاہیے،ریٹ لسٹ سے زائد قیمت پر اشیائے ضروریہ کی فروخت پربلاامتیاز کارروائی کی جائے ،ذخیرہ اندوزوں ، منافع خوروں کےخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔
اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو مقرر کردہ قیمتوں پر اشیائے ضروریہ کی فروخت یقینی بنانے کا ٹاسک دیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مارکیٹوں ،بازاروں کے دورے کرکے اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں پر فروخت یقینی بنا ئیں،مہنگائی کے باعث لوگوں کو مشکل کا سامنا ہے،سب نے ملکر بھرپور کوشش کرنی ہے اور عوام کو حقیقی ریلیف دینا ہے۔

















