چیف جسٹس ہائیکورٹ نے قانون کو تماشہ بنادیا،ریفرنس دائر کریں گے،پی ٹی آئی

اسلام آباد(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس کی سماعت ملتوی کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے قانون کو تماشہ بنادیا،سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کریں گے۔

مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے مطابق پی ٹی آئی کور کمیٹی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے خود کو مقدمے کی سماعت سے فوری علیحدگی اور معاملہ کسی دوسرے بنچ کے حوالے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے قانون و انصاف کو محض مذاق، عدالت کو تماشہ بنا دیا،جسٹس عامر فاروق منصب پر بیٹھنے کے اہل نہیں۔

کور کمیٹی نے کہا معاملے کو التوا میں ڈالنے کا واحد مقصد سابق وزیراعظم سے روا رکھے جانے والے انتقام و تشدد کے سلسلے کا دوام ہے، چیف جسٹس سپریم کورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے انداز فیصلہ سازی کا نوٹس لیں،کور کمیٹی تحریک انصاف نے کہا چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کریں گے۔