سپریم کورٹ کا پانامہ والیم ٹین کھولنے سے انکار، درخواست نمٹادی

اسلام آباد (مشرق نیوز) سپریم کورٹ نے پانامہ جے آئی ٹی رپورٹ کا والیم دس کھولنے سے متعلق براڈ شیٹ کمپنی کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی، جسٹس اطہر من اللہ نے کہا عالمی ثالثی کیلئے والیم 10 کھولنے کا کہا گیا تھا تاہم ثالثی کا عمل مکمل ہوچکا ہے اب یہ درخواست غیر موثر ہوچکی۔ براڈ شیٹ کمپنی کی پانامہ جے آئی ٹی کے والیم 10 تک رسائی سے متعلق درخواست پر چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔

براڈ شیٹ کمپنی کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل میں کہا کہ پاناما جے آئی ٹی والیم 10 میں ایسا کیا ہے کہ اسے خفیہ رکھا جائے؟ آرٹیکل 19 اے کے تحت عوام کا حق ہے کہ وہ دیکھیں کیسے ملک کو لوٹا گیا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے پوچھا کہ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ نے پانامہ فیصلے میں والیم 10 کے بارے میں کوئی آبزوریشن دی تھی؟ ہم اس طرف نہیں جائیں گے کیونکہ پاناما کیس میں ملک کے منتخب وزیراعظم کو ہٹایا گیا، آپ کو والیم 10 ثالثی کورٹ میں کارروائی کیلئے چاہیے تھا، وہاں معاملہ نمٹ چکا اب تو آپ کی درخواست غیر موثر ہو گئی ہے۔