طلبہ میں مثبت سوچ پروان چڑھا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے :گورنر پنجاب

لاہور (اپنے رپورٹر سے) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے یہاں گورنر ہاﺅس لاہور میں مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما، سابق کوارڈینیٹر وزیراعظم خواجہ احمد حسان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور تعلیم کے شعبے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران خواجہ احمد حسان نے ایچی سن کالج کے بورڈ کی بہتری کیلئے تجاویز بھی دیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمدبلیغ الرحمن نے کہا کہ ادارے میرٹ کی بالادستی سے بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تعلیم کے شعبہ میں میرٹ کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کی کردار سازی کا پہلو بھی بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کا مقصد طلبہ کو مختلف علوم سکھانے کے ساتھ ان کی اخلاقی تربیت کرنا بھی ہے جس کے لیے بطور چانسلر انہوں نے وائس چانسلرز کا خاص تاکید کرنے کے ساتھ کردار سازی پر ایک کنسورشیم بھی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا میں مثبت سوچ اور اعلی اخلاقی اقدار کو پروان چڑھا کر ہی معاشرہ میں مثبت تبدیلی لانے کے ساتھ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ،سابق کوارڈینیٹر وزیراعظم خواجہ احمد حسان نے کہا کہ ایچی سن کالج ایک تاریخی اور قدیم تعلیمی ادارہ ہے اور وہ اس کی تعمیر و ترقی اور بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف گورنرز کے تحت چلنے والے اداروں میں گورنر پنجاب نے میرٹ کی بالادستی اور انتظامی امور میں بہتری کے لیے جو اقدامات کیے ہیں وہ قابل تعریف ہیں ۔ خواجہ احمد حسان نے مزید کہا کہ گورنر پنجاب نے بطور چانسلر پنجاب کی یونیورسٹیوں میں معیار تعلیم بہتر بنانے کے لیے اقدامات کئے ہیں جن میں پرووائس چانسلرز کا تقرربھی شامل ہے اس سے جامعات کے انتظامی امور میں بہت بہتری آئی ہے۔