لاہور، اسلام آباد (کرائم رپورٹر+ بیورو رپورٹ) سول جج کے گھر تشدد کا شکار ہونے والی کمسن ملازمہ رضوانہ نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق رضوانہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ جج کی اہلیہ مجھ پر روزانہ تشدد کرتی تھیں، ڈنڈوں، لوہے کی سلاخوں اور دیگر چیزوں سے مارا جاتا تھا، غصے میں آکر مالکن لاتیں اور ٹھڈے بھی مارتی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے رضوانہ نے بتایا کہ جج کی اہلیہ بال پکڑ کر میرا سر دیوار سے مارتی تھیں، مجھے کئی کئی روز کمرے میں بند کر کے بھوکا رکھا جاتا تھا، فیملی باہر جاتی تو ہفتہ ہفتہ مجھے گھر میں بند رکھتے۔ذرائع کے مطابق کمسن گھریلو ملازمہ نے مزید بتایا کہ مجھے ماں باپ سے ملنے کی اجازت نہیں ملتی تھی، ٹیلی فون پر بات کراتے مگر جج کی اہلیہ ساتھ ہوتی تھی، جج کی اہلیہ تشدد کا گھر والوں کو نہ بناتے کا کہتیں اور دھمکاتیں تھیں، میرے زخموں کی مرہم پٹی بھی نہیں کراتے تھے۔دریں اثناءاسلام آباد میں گھریلو تشدد کا شکار ایک اور 13 سالہ بچی عندلیب فاطمہ کا بیان سامنے آگیا۔ ملزمہ زیتون عرف ثمرہ کے ہاتھوں تشدد زدہ بچی عندلیب فاطمہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں کام کرتی تھی، مجھ پر ظلم کیا جاتا تھا، گرم پانی پھینکا جاتا تھا، ہینگر سے مارا جاتا، مالکن کے بچے بھی مارتے تھے۔ عندلیب فاطمہ کو پیٹ اور چہرے پر بھی زخمی کیا گیا ، بچی کاکہنا تھا کہ مجھ پر دو بار کتوں کو بھی چھوڑا گیا تھا، ماموں نے بدتمیزی کی ، جب مالکن ثمرہ کو بتایا تو مجھے الٹا مارا، ڈری ہوئی تھی، کسی کو کچھ نہیں کہہ سکتی تھی۔ کمسن بچی کا کہنا تھا کہ سیکٹر جی 15 کے جس گھر میں گزشتہ ایک ماہ سے کام کررہی تھی اس کی مالکن اسے تعویز بھی پلایا کرتی تھی۔ بچی کی والدہ کے مطابق جب وہ بچی سے ملنے گئی تو اسے تشدد زدہ روتے ہوئے پایا، بچی کی ٹانگوں پر جلنے کے نشانات ظاہر ہیں۔ تھانہ ترنول میں والدہ کی جانب سے درج مقدمے میں نامزد ملزمہ نے 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض عدالت سے ضمانت لے رکھی ہے جس کے باعث ملزمہ زیتون عرف ثمرہ کو ضمانت پر رہا کیا جا چکا ہے۔
ڈنڈوں، لوہے کی سلاخوں و دیگر چیزوں سے مارا جاتا تھا: کمسن رضوانہ کا بیان ریکارڈ
















