لاہور،اسلام آباد،کراچی،کوئٹہ،پشاور (خبرنگار،اپنے نمائندے سے،اپنے رپورٹر سے،بیورورپورٹ)پاکستان کا 76واںیوم آزادی جوش و خروش سے منایا گیا، شہر شہر تقاریب، پرچم کشائی،سرکاری و نجی عمارتوں اور سڑکوں، بازاروں اور مارکیٹوں میں شاندار چراغاں کیا گیا ہے جبکہ قومی پرچم، جھنڈیاں، بانیان پاکستان کی تصاویر اور بینرز جگہ جگہ آویزاں کئے گئے ،دن کا آغاز اسلام آباد میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا، لاہور میں محفوظ شہید گیریژن میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، تقریب میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے نعرہ تکبیر بلند کیا، پاک فوج کے جوانوں کے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضاءگونج اٹھی،فجر کے بعد ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں،کراچی میں مزار قائد پر اعزازی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، کمانڈنٹ نیول اکیڈمی کموڈور خالد تقریب کے مہمان خصوصی تھے، کمانڈنٹ کموڈور خالد نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی،پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزارقائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھال لئے ، بعد ازاں لاہور میں علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شاعر مشرق کو سلامی پیش کی،میجر جنرل قیصر سلیمان، گیریژن کمانڈر لاہور نے مزاراقبال پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی، پاک فوج کے دستے نے رینجرز کی جگہ گارڈز کے اعزازی فرائض سنبھال لئے ،گزشتہ رات 12بجتے ہی لاہور میں گریٹر اقبال پارک میں یوم آزادی کی مناسبت سے بھرپور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جسے دیکھنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد امڈ آئی، اس کے علاوہ منچلوں نے آزادی کا جشن منانے کیلئے ٹولیوں کی شکل میں مختلف شاہراہوں پر گشت کرتے ہوئے ہلہ گلہ کیا،کراچی میں پورٹ گرینڈ پر شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا گیا جہاں شہری پر جوش نظر آئے،اسلام آباد میں بھی آسمان مختلف رنگوں سے سج گیا، ایف نائن پارک میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، شہریوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی،صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت صوبہ بھر میں جشن آزادی بھرپور انداز میں منایا گیا، یوم آزادی کا آغاز پشاور میں شاندار آتش بازی سے کیا گیا، جمرود باب خیبر اور لنڈی کوتل چروازئے کے مقام پر آتش بازی کی گئی، نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔
یوم آزادی جوش و خروش سے منایا گیا، شہر شہر تقاریب، پرچم کشائی
















