چیئرمین PTIکو کن وجوہات کی بنیاد پر اٹک جیل میں رکھا گیا،اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد(بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو اٹک جیل میں رکھنے کی وجوہات طلب کرلیں۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں سہولیات و اڈیالہ جیل منتقل کرنے کے کیس کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے اٹک جیل میں رکھنے کی وجوہات پر مبنی رپورٹ مانگ لی،عدالت نے کہا بتایا جائے کن وجوہات کی بنیاد پر اٹک جیل میں رکھا گیا۔

عدالت نے سابق وزیراعظم کو گھر کا کھانا دیا جاسکتا ہے یا نہیں پر بھی معاونت طلب کرلی۔

فیصلے میں کہا گیا ایسا کچھ ریکارڈ پر نہیں جو قیدی کو ہفتے میں ایک سے زائد بار ملاقات سے روکے، جیل رولز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی دوست، رشتے دار اور وکلا سے ملاقات کرائیں، جائے نماز ،انگریزی ترجمے کےساتھ قرآن مجید دیا جائے،مناسب طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں،کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔

دریں اثنااسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں سزا کےخلاف اپیل پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق ،جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل بنچ نے فیصلے میں کہا چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل ٹرائل کورٹ کے 5 اگست کے فیصلے کےخلاف ہے۔

فیصلے میں کہا گیا چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف الیکشن کمیشن کی شکایت پر ٹرائل چلایا گیا، ٹرائل کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 3 سال قید اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا سنائی۔

حکم نامے میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف توشہ خانہ کیس کا مکمل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سزا کےخلاف اپیل اور معطلی کی درخواست پر نوٹس جاری کردئیے،عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی درخواست جلد مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔