نگران وزیراعظم کون؟پہلی بیٹھک بے نتیجہ،دوسری آج،سنجرانی بھی دوڑ میں شامل

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نگراں کون؟ پہلی بیٹھک بے نتیجہ، وزیراعظم، اپوزیشن لیڈر نے 3،3 نام پیش کردئیے، سنجرانی بھی دوڑ میں شامل، مشاورت کا دوسرا دور آج ہوگا۔

وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے خط لکھ کر مشاورت کیلئے مدعو کئے جانے پر اپوزیشن لیڈر ملاقات کیلئے پہنچے،دونوں نے ایک دوسرے کے سامنے 3، 3 نام رکھے، دونوں جانب سے پیش کئے گئے ناموں پر مشاورت کی گئی، کسی نام پر اتفاق نہ ہونے پر پہلی بیٹھک بے نتیجہ رہی، مذاکرات کا دوسرا دور آج ہوگا۔

ذرائع کے مطابق سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی، سابق چیف جسٹس تصدق جیلانی، حفیظ شیخ، میاں سومرو، فواد حسن فواد کے ناموں پر غور کیا گیا جبکہ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی بھی دوڑ میں شامل ہوگئے، سنجرانی کا نام اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی جانب سے تجویز کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں نام فی الحال سامنے نہ لانے پر اتفا ق کیا گیا۔

ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا شہبازشریف سے ایک گھنٹہ طویل مشاورت ہوئی، اپنے اپنے نام پیش کئے، نگران وزیراعظم فائنل کرنے کیلئے 3 دن کا وقت ہے، وزیراعظم کی جانب سے پیش کئے گئے ناموں پر مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا، آج دوبارہ ملوں گا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا سب عزت دار لوگ ہیں، فیصلہ کیا نام فائنل ہونے سے پہلے سامنے نہیں لائیں گے، امید ہے آج بریک تھرو ہوگا، فیصلہ نہ ہونے کی صورت میں کل بھی مشاورتی سیشن ہوگا۔

ادھر ملاقات کے بعد وزیراعظم ہاوس سے جاری اعلامئے میں بتایا گیا وزیراعظم نے آئین کی روشنی میں قائد حزب اختلاف کو مدعو کیا، مشاورت کا پہلا دور خوشگوار ماحول میں ہوا، فیصلہ کیا گیا اہم قومی معاملے پر مزید سوچ و بچار کے بعد آج دوبارہ مشاورت کی جائےگی۔

دوسری جانب نگران وزیراعظم کیلئے نام سامنے آنے پرچیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، صادق سنجرانی نے شہبازشریف کو حکومت کے 16 ماہ کامیابی سے پورے کرنے پر مبارکباد دی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں نگران وزیر اعظم کی تقرری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بعدازاں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے پی ڈی ایم سربراہ فضل الرحمن سے رہائش گاہ پر ملاقات کی، سابق وفاقی وزیر اسعد محمود، سینیٹر عبدالغفور حیدری، مصطفی چودھری سمیت دیگر بھی شریک تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، نگران وزیراعظم و نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کے ناموں پر مشاورت کی گئی۔

دریں اثناوزیراعظم شہبازشریف اور نوازشریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، وزیراعظم نے قائد (ن) لیگ کو نگران وزیراعظم کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر کےساتھ کی جانےوالی مشاورت پر بریفنگ دی، ذرائع کے مطابق نوازشریف نے نگران وزیراعظم پر اتفاق رائے کےلئے سابق صدر آصف زرداری سے بھی تبادلہ خیال کیا۔