وزیراعظم اور انکے اتحادی مزید مواقع مانگنے کی بجائے اپنی کارکردگی بتائیں:سراج الحق
لاہور (نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ وزیراعظم کا ہر تقریر میں سارا زور ایک موقع اور مانگنے پر ہوتا ہے، وہ اپنے صاحبزادے کیلئے بھی راستہ صاف چاہتے ہیں، ان کے بڑے بھائی اپنی بیٹی جبکہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اپنے شہزادے کو وزیراعظم بنانا چاہتے ہیں، چندخاندانوں نے پوری قوم کو 75برسوں سے یرغمال بنایا ہے، خاندانوں کی حکومت رہے گی تو کرپشن ، جہالت، بیروزگاری، غربت ، مہنگائی بدامنی ختم نہیں ہوگی، انہیں ایک بار نہیں باربار موقع ملا، قوم کو ہر دفعہ دھوکا دیا گیا، وزیراعظم اور ان کے اتحادی اقتدار کے مزید مواقع مانگنے کی بجائے اپنی 15ماہ کی کارکردگی بتائیں، قوم کو بتایا جائے انہیں بجلی کے جھٹکے کیوں دیے جارہے ہیں، پٹرول، چینی، آٹا، ادویات کیوں غریبوں کی پہنچ سے دور کردیا گیا، مہنگائی کے خلاف ریلیاں نکالنے والوں نے اس میں کئی گنا اضافہ کیا، آئی ایم ایف کی غلامی قبول کی، اس کے حکم پر ایک ایک دن میں بیسیوں قوانین بنائے۔ حکمران جماعتوں میں کوئی فرق نہیں، سٹیٹس کو بدلنا ہوگا۔ جماعت اسلامی موروثیت سے پاک، ہم اپنے بچوں کیلئے اقتدار نہیں اسلامی فلاحی پاکستان چاہتے ہیں۔ خواتین فرسودہ نظام کے خلاف ووٹ کی طاقت سے جہاد کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”میرا وطن سنوار دو“ کے عنوان سے اچھرہ میں جلسہ خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ، نائب امیر لاہور ذکراللہ مجاہد، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی حلقہ خواتین دردانہ صدیقی، ناظمہ پنجاب ربیعہ طارق، ناظمہ لاہور عظمیٰ عمران، حمیرا طارق،ثمینہ سعید، شازیہ عبدالقادر اور راشدہ شاہین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ حکمران ملک کی 51فیصد آبادی پر مشتمل خواتین کو تحفظ اور حقوق دینے میں بری طرح ناکام ہو گئے، صرف پنجاب میں 3571خواتین لاپتا ہیں، انھیں بازیاب کرانا کس کی ذمہ داری ہے؟ کرونا وائرس کے دوران 11ہزار خواتین کی ہراسمنٹ اور عصمت دری کے واقعات ہوئے، لاہور کے ہسپتال میں ایک معصوم بچی بے ہوش پڑی ہے، اس کی ہڈیاں توڑ دی گئیں، موٹروے پر ایک خاتون کا بچوں کے سامنے ریپ ہوا، اسمبلیوں میں موجود خواتین کی اکثریت جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کی بہنیں، بیٹیاں ہیں، جنھیں عام خواتین کے مسائل سے کوئی غرض نہیں، حکمرانوں نے قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی کو امریکہ کے حوالے کر دیا، تعلیمی اداروں میں بچیوں کو بلیک میل کیا جاتا ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر خواتین کو تحفظ اور عزت دےگی، انہیں گھروں میں کاروبار کیلئے سود فری قرض دیں گے، ریاست بیواﺅں اور بزرگ خواتین کی کفالت کرےگی، خواتین کیلئے حق وراثت اور بچیوں کیلئے تعلیم یقینی بنائی جائےگی، ان کیلئے الگ فیملی پارک بنائیں گے، خواتین کیلئے میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیاں تعمیر کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی شراکت کے بغیر فرسودہ نظام کو نہیں بدلا جا سکتا۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کے ساتھ ان کی بیوی ہاجرہ تو فرعون کے ظلم کو حضرت آسیہ نے چیلنج کیا، حضرت خدیجہ کا ساتھ ہمیشہ حضور کے ساتھ رہا، فقر اور غربت میں بھی حضرت فاطمہ نے علی کا ساتھ نبھایا، جب حسین یزیدیت کا مقابلہ کر رہے تھے تو ان کی بہن زینب ان کے ہمراہ تھیں۔ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ پاکستانی خواتین خاندانی نظام کا تحفظ کرے، اپنی اولاد کو قرآن اور مساجد سے جوڑیں، اسی طرح ہی معاشرہ میں فلاح اور نیکی رواج پائے گی۔ خواتین ووٹ کی طاقت سے اسلامی انقلاب کیلئے راہ ہموار کریں۔ امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی اور دیگر پارٹیوں میں فرق یہ ہے کہ ہم انسانوں کو اس دنیا و آخرت میں کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ عدالتوں میں قرآن کا نظام نافذ ہو، ملک قرضوں کی لعنت اور سودی نظام سے نجات پائے، ہم کرپشن فری کلین گرین پاکستان چاہتے ہیں، اس مقصد کے حصول کے لیے ہمیں پاکستانی خواتین اور قوم کے تعاون کی ضرورت ہے۔ دردانہ صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کا منشور نظریہ پاکستان کی تکمیل کا پروگرام اور ملک کی ترقی کی زینہ ہے۔ ملک میں اس وقت حقیقت میں انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے، انتقامی سیاست نے وطن عزیز کا دنیا میں تماشا بنا دیا۔

















