راولپنڈی:(مشرق نیوز)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ اسلام امن پسند دین،دہشتگردی کی بھینٹ چڑھانیوالوں کو جواب دینا پڑے گا،صرف پاکستان اور افغان حکومت میں مذکرات ہوں گے، کسی گروہ سے بات نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں تاریخی گرینڈ جرگہ میں آرمی چیف نے خصوصی طور پر شرکت کی،جنرل سید عاصم منیر نے خیبر پختونخوا کے مشاران ، عمائدین اور نمائندوں کے تاریخی گرینڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا فوج اور سیکورٹی کے تمام ادارے اور پاکستان کے عوام ایک ہیں، جو لوگ امن کو برباد کرنا چاہتے ہیں وہ ہم میں سے نہیں ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستانی فوج شہدا کی فوج ہے جس کا نعرہ ہے ایمان ، تقوی اور جہاد فی سبیل اللہ ۔ ہم آپ میں سے ہیں اور آپ ہم میں سے ہیں، پاکستان ، ریاست مدینہ کے بعد کلمے پر بننے والی دوسری ریاست ہے ۔ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کا کچھ نہیں کر سکتی۔
افغان حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ کیا احسان کا بدلہ احسان کے علاوہ کچھ اور بھی ہو سکتا ہے، پاکستان کو کالعدم تنظیموں کیلئے پناہ گاہوں اور افغان سرزمین سے کارروائی پر تحفظات ہیں، پاکستان دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گا، پاکستان کے آئین میں حاکمیت صرف اللہ کی ذات کی ہے، یہ خوارج کون سی شریعت لانا چاہتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ میں اور میری بہادر فوج دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے، دہشت گردوں کے پاس ریاست کے سامنے سر تسلیم کرنے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں، ہم اللہ کے راستے میں جہاد کر رہے ہیں اور کامیابی ہماری ہی ہو گی، پاک فوج کا مقصد اور نصب العین شہید یا غازی ہے۔
اسلام امن پسند دین،دہشتگردی کی بھینٹ چڑھانیوالوں کو جواب دینا پڑے گا: آرمی چیف
















