اسلام آباد(بیورورپورٹ)پاکستان ،ایران میں5 سالہ سٹریٹجک تجارتی معاہدہ طے پا گیا،تقریب اسلام آباد میں ہوئی،بلاول بھٹو اور ایرانی وزیر خارجہ نے دستخط کیے،وفاقی وزرا ایاز صادق ،نوید قمر بھی موجود تھے۔
بعدازاں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکم و بیش 15 مہینے قبل حکومت سنبھالی،جون میں ایران کا پہلا دورہ کیا ، ایران کےساتھ تاریخی،برادرانہ تعلقات ہیں،گوادر میں بجلی کی فراہمی میں ایران نے بہترین کردار ادا کیا،مختلف شعبوں میں مزید تعاون مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا دونوں ممالک کے درمیان تاریخی سٹریٹجک تعلقات ہیں، ایرانی ہم منصب کےساتھ مختلف معاملات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی،تجارت، معیشت، انرجی و آرٹ میں باہمی تعاون کے فروغ کےلئے متعدد تجاویز زیر غور ہیں، 2023 سے 2028 تک کےلئے باہمی تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دےدی،اقدامات اگلے کئی سالوں تک ہماعوام کےلئے فائدہ مند ہوں گے، معاہدے سے باہمی تجارت 5 ارب ڈالرز تک بڑھے گی۔
بلاول بھٹو نے کہا مذاکرات میں دونوں ملکوں میں قید افراد کے مسائل بھی زیر بحث آئے اور سزا یافتہ ایرانی قیدیوں کو معاہدے کے تحت ایران کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ،عائد جرمانے ختم کر کے تمام مچھیروں کو بھی رہا کرینگے،دونوں ممالک نے طے کیا ایک دوسرے کےساتھ قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا جائے، چاہتے ہیں ملکی سرحد پر امن و سلامتی کی صورتحال قائم رہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا گیس پائپ لائن منصوبہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تجارت میں مزید وسعت چاہتے ہیں،بارڈر پر مارکیٹوں کے قیام سے تجارت میں آسانی ہو رہی ہے، ایران، چین اور پاکستان کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری منصوبہ ہونا چاہیے۔
پاکستان ،ایران میں تجارتی معاہدہ،حجم 5ارب ڈالرز تک بڑھے گا،بلاول

















