اسلام آباد (مشرق نیوز) سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں تحریک انصاف کے چیئرمین کی اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل پر گزشتہ روز کی سماعت کا حکم نامہ جاری کر دیا۔ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کیس کے میرٹس پر دلائل ابھی نہیں دئیے گئے، کیس کی اب تک کی سماعت کو زیر التوا کیس نہ سمجھا جائے۔
حکم نامے میں سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ آئندہ سماعت پر کسی اور بینچ کے سامنے کیس مقرر ہو سکتا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ کیس کی آئندہ سماعت 4 اگست کو ہو گی۔ جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے 2 اگست کو کیس کی سماعت کی تھی۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ موسم گرما کی تعطیلات کے بعد ممکن ہے یہ بینچ آئندہ سماعت پر دستیاب نہ ہو۔ واضح رہے گزشتہ روز سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے چیئرمین کی توشہ خانہ ٹرائل فوری روکنے کی استدعا مسترد کر دی تھی۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ آپ کی درخواست غیر مو¿ثر ہو چکی تھی پھر بھی ہم نے سنا اور حکم دیا، ہم صورتِ حال کو سمجھ رہے ہیں، ہم نے سمجھا تھا ہائی کورٹ آپ کو بہتر آرڈر دے گی۔
انہوں نے کہا تھا کہ پہلے ہائی کورٹ کو فیصلہ کرنے دیں پھر سپریم کورٹ میں کیس لگالیں گے، ممکن ہے کل ہائیکورٹ ٹرائل ہی روکنے کا حکم دیدے، ہائی کورٹ سے آرڈر آنے کے بعد کیس کو سماعت کیلئے مقررکریں گے۔
توشہ خانہ کیس کی اب تک کی سماعت کو زیر التوا کیس نہ سمجھا جائے: سپریم کورٹ

















