انتخابات سے فرار ممکن نہیں ، مسائل کو الیکشن کمیشن نے حل کرنا ہے:احسن اقبال

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی ،اصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہاہے کہ الیکشن سے فرار کسی صورت ممکن نہیں ، نگران سیٹ اپ کےلئے مشاورت کا عمل جاری ہے، الیکشن کمیشن انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرےگا، صوبوں کی طرف سے مردم شماری پرسست رفتاری سے کام ہوا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انتخابات کے انعقاد کیلئے حتمی اتھارٹی الیکشن کمیشن ہے،2018 کے الیکشن کے وقت بھی اسی طرح کا مسئلہ درپیش تھا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت درپیش مسائل کو الیکشن کمیشن نے آئین کی روشنی میں حل کرنا ہے۔ الیکشن سے فرار کسی صورت ممکن نہیں ہے ،یہ ہمارے ملک کی ضرورت ہے۔ نگران سیٹ اپ آئےگا،اس کے بعد الیکشن کمیشن الیکشن کے شیڈول کا اعلان کرےگا۔انہوں نے کہاکہ صوبوں کی طرف سے بار بار وقت مانگنے پر مردم شماری میں تاخیر ہوئی۔ صوبوں کو مردم شماری کیلئے مزید وقت نہ دیتے تو صوبے گلہ کرتے۔نگران حکومت جتنی بھی قابل ہو بے یقینی کا تاثر رہے گا۔آگے کے مراحل کا فیصلہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق کرے گا۔انہوں نے کہا کہ نگران سیٹ اپ کیلئے مشاورت کا عمل جاری ہے۔ حکومت ختم ہونے سے قبل دو تین روز تک معاملہ حل ہوجائے گا۔ حکومت کے پاس پانچ سا ل کا مینڈیٹ ہو تو اصلاحات کرسکتی ہے۔