ہسپتالوں کی خرابی کے ذمہ دار ڈاکٹر نہیں حکومت ،بہتری کیلئے اربوں روپے لگادینگے،محسن نقوی

لاہور (خبر نگار،ہیلتھ رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، ،رواں ماہ بارشوںو سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر تیاریوں ،انتظامات کاجائزہ لیاگیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے محکمہ آبپاشی و تمام کمشنرز کو جاری فنڈز بروقت استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہادریاﺅں کے پشتے و بندپہلے سے مضبوط بنائے جائیں،پنجاب حکومت نے محکمہ آبپاشی کو ضروری فنڈز جاری کردئےے۔

محسن نقوی نے کہادریاﺅں کے بیڈ کے اندر موجود آبادیوں کی حفاظت کےلئے پیشگی انخلا یقینی بنایاجائے،موسم کی صورتحال ودریاﺅں میں پانی کے بہاﺅکو مسلسل مانیٹر کیاجائے۔

دریں اثناسروسز ہسپتال میں سینئر ڈاکٹرز سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا چند روز قبل سروسز ہسپتال کا دورہ کیا،ہسپتال کی حالت دیکھ کر انتہائی افسوس ہوا، سروسز ہسپتال کا آپریشن تھیٹر ایسا ہے کبھی اپنے کسی عزیز کو داخل نہ کرائیں،کوئی بھی نیا آئے تو وہ پرانے ہسپتالوں کی بہتری کی بجائے نئے ہسپتال بنانے کی بات کرتا ہے، سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا سروسز ہسپتال کی ابتری کے ذمہ دار ڈاکٹر نہیں حکومت ہے، ہر خرابی کا ذمہ دار ڈاکٹرز کو ٹھہرانا درست نہیں،ڈاکٹر شام کو کام ضرور کریں لیکن اپنی ڈیوٹی پوری کریں، مایوسی گناہ ہے لیکن ملک میں پھیلنے والی مایوسی کے سب ذمہ دار ہیں، پاکستانی ہونے کے ناطے تھوڑی سی اپنی ذمہ داری لے لیں تو بہترین رزلٹ ہفتوں ،مہینوں میں سامنے آجاتے ہیں۔

محسن نقوی نے کہاہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں، تمام شہریوں کو معاشرے کی بہتری میں کردار ادا کرنا ہو گا حکومت کےساتھ عملے و شہریوں کو بھی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی چھوٹی چھوٹی کوشش سے چیزیں تبدیل ہو جائیں گی۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہاجب تک الیکشن نہیں ہوتے حکومت چلا رہے ہیں، کچھ وقت کیلئے ذمہ داری سونپی گئی ،صوبے و عوام کی بہتری کےلئے کوشاں ہیں، اگلے چند ہفتوں میں ہسپتال کو بہتر کردیں گے،5یا 7ارب جتنے بھی لگے اگلے چند ماہ میں لگائیں گے، نیت بالکل صاف ہے۔