پاک چین تعلقات منفرد، چیلنجوں کا مقابلہ کرکے اپنی مضبوطی کو ثابت کیا،آرمی چیف

راولپنڈی(بیورورپورٹ)سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے پاک چین تعلقات منفرد، تمام چیلنجوں کا مقابلہ کرکے اپنی مضبوطی کو ثابت کیا، پیپلزلبریشن اور پاکستان آرمی ایک دوسرے کے بھائی ہیں ،دونوں ممالک کے تعلقات اجتماعی مفادات کے تحفظ کےلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 96ویں سالگرہ جی ایچ کیو میں منائی گئی، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر مہمان خصوصی تھے۔

پینگ چنکسو، چینی سفارتخانے کے ناظم الامور، میجر جنرل وانگ ژونگ، دفاعی اتاشی، چینی سفارتخانے کے حکام اور پاک فوج کے افسروں نے بھی تقریب میں شرکت کی،چینی ناظم الامور نے پی ایل اے کے قیام کی 96ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب کی میزبانی کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

چینی ناظم الامور نے کہادونوں ممالک کی تزویراتی شراکت داری ہر امتحان اوردوستی عالمی منظرنامے میں تبدیلی پر پورا اتری ، چین ،پاکستان کے درمیان تعاون پر مبنی شراکت داری وقت و بین الاقوامی تناظر میں ضروری ہے،دونوں ممالک نے ابھی مشترکہ طور پر سی پیک کے آغاز کی 10 ویں سالگرہ منائی ،گزشتہ ماہ میں آرمی چیف و دیگر فوجی رہنماو¿ں نے چین کے کامیاب دورے کیے، دونوں افواج کے درمیان تعلقات کو مضبوطی سے فروغ ملا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پی ایل اے کو مبارکباد دی اور چین کے دفاع، سلامتی اور قوم کی تعمیر میں پی ایل اے کے کردار کو سراہا، آرمی چیف نے دونوں ممالک کی فوج ،عوام کے درمیان گہرے تعلقات کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی۔

جنرل سید عاصم منیر نے کہا پاکستان ،چین کے تعلقات منفرد و مضبوط ہیں ،تمام چیلنجوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی مضبوطی کو ثابت کیا ،پی ایل اے اور پاکستان آرمی ایک دوسرے کے بھائی ہیں ،تعلقات اجتماعی مفادات کے تحفظ کےلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔