امریکہ میں ”ٹرائیکا“ خود کو حکومت سے طاقتور سمجھنے لگا، قومی مفاد، مسئلہ کشمیر مکمل نظرانداز

نیویارک (خواجہ فاروق) امریکہ میں ”ٹرائیکا “ خود کو حکومت سے طاقتور سمجھنے لگا، قومی مفاد، مسئلہ کشمیر مکمل نظرانداز، خزانے کا بے دریغ استعمال، 10 رکنی پاکستانی وفد پر 55 ہزار ڈالر اخراجات، اقوام متحدہ میں مستقل پاکستانی مندوب کا ڈرامہ فلاپ، پاکستا ن سے آئے 10 سینیٹرز و سیاسی رہنماﺅں نے عشائیے کا بائیکاٹ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک شدید مالی بحران کا شکار ہے لیکن 10 سینیٹرز، اراکین قومی اسمبلی اور معاون عملے پر مشتمل پاکستانی وفد کے دورہ اقوام متحدہ کے دوران مختصر ترین طعام و قیام پر 45 سے 55 ہزار ڈالرخرچ کردئیے گئے، کرایہ پر حاصل کردہ 6 کاروں کے اخراجات الگ ہیں جبکہ پاکستانی مشن کی بدانتظامی پر وفد کے اراکین نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں مستقل پاکستانی مندوب منیر اکرم کی جانب سے اپنی رہائشگاہ پر دئیے گئے عشائیے کا بائیکاٹ کردیا۔ ذرائع کے مطابق عالمی شہرت اور سفارت کے ماہر سفیر منیر اکرم کو اپنے عملے کی بدانتظامی کے باعث ڈنر کے بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑا۔ اقوام متحدہ اجلاس کی مختصر کارروائی میں شرکت کے بعد وفد کے تمام ممبران اپنے رشتہ داروں، دوستوں کے پاس چلے گئے۔ ذرائع کے مطابق سینیٹر قرہ العین مری، شازیہ مری بھی پاکستانی مشن کے انتظامی افسروں پر کافی برہم ہوئیں، 4 سال سے اقوام متحدہ میں تعینات ڈپٹی سفیر عامر خان کے تبادلے کے احکامات جاری کردئیے گئے۔ ادھر امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی نے شاہانہ اخراجات پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ملک کو زرمبادلہ دخائر کی اشد ضرورت ہے اور قومی خزانے کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔ سفیر سردار مسعود، قونصل جنرل نیویارک عائشہ علی اور اقوام متحدہ میں مستقل پاکستانی مندوب منیر اکرم خود کو حکومت سے بھی طاقتور سمجھتے ہیں، ٹرائیکا کا موقف ہے وہ دنیا کے ذہین ترین انسان اور اداروں کو اپنی مرضی سے چلانے کا اختیار رکھتے ہیں، کوئی بھی کارکردگی پر سوال کرنے کا حق نہیں رکھتا، حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں، خارجہ پالیسی سے کوئی لینا دینا نہیں، سفارتکار اپنی مرضی سے کام کرتے ہیں، کوئی تبدیل نہیں کرسکتا، پاکستانی کمیونٹی نے مزید کہا کہ امریکہ میں پاکستانی سفارتکاروں کی بدترین نااہلی کے باعث بھارت عالمی سطح پر بھرپور کامیابیاں سمیٹ رہا ہے، ٹرائیکاکی خاموش پالیسی نے قومی مفاد، کشمیر کاز کو شدید نقصان پہنچایا، مودی حکومت نے ناکام خارجہ پالیسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یو این او کی پروا کئے بغیر پاکستان کی شہ رگ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی۔ پی ٹی آئی دور میں تعینات ہونےوالے نااہل سفارتکار دنیا کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہے اور مظلوم کشمیریوں کو بھارتی ظلم و تشدد برداشت کرنے کےلئے تنہا چھوڑ دیا، ٹرائیکا کا مقصد صرف ذاتی مفادات کا حصول ہے، ایک نے آموں اور دوسرے نے اپنے گھر میں ڈنر کا ڈرامہ رچایا لیکن سب کچھ فلاپ ہوگیا، 10 رکنی پاکستانی وفد کی منیر اکرم کے عشائیے میںعدم شرکت مستقل مندوب کی پالیسی وکارکردگی پر سوالیہ نشان ہے؟ عوامی حلقوں نے وزیراعظم شہبازشریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر سے اپیل کی ہے کہ امریکہ سمیت دنیا بھر میں تعینات نااہل سفارتی عملے کو فوری تبدیل کیا جائے اور مبینہ مالی کرپشن، بدعنوانیوں، بے ضابطگیوں کی تحقیقات کےلئے کمیشن بنایا جائے۔