قصر بہبود خواتین ایک بہت اچھا ادارہ، اس کو مزید فعال بنائیں گے: ڈاکٹرجاویداکرم

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت، سوشل ویلفیئروبیت المال ڈاکٹر جاوید اکرم نے قصر بہبود خواتین ماڈل ٹاون اور صنعت زار علامہ اقبال ٹاون کا دورہ کیا۔سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ظہور حسین نے نگران صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم کو قصر بہبود خواتین میں فراہم کی جانے والی سہولیات بارے بریفنگ دی۔بعدازاں نگران صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم نے ایک اجلاس کی صدارت بھی کی،جس میں ڈاکٹر شہلا جاوید اور محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے افسران نے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئراینڈ بیت المال ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ قصر بہبود خواتین معاشرے میں خواتین کے کردار کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ قصر بہبود خواتین میں خواتین کو بیوٹیشن، سلائی، کمپیوٹر سوفٹ ویئر، کوکنگ، فیشن ڈیزائننگ، جیولری میکنگ، بیگ میکنگ، ڈریس میکنگ، فائن آرٹس، ٹیکسٹائل ڈیزائننگ، ڈرائیونگ و دیگر پروفیشنل کورسز کروائے جاتے ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ قصر بہبود خواتین ایک بہت اچھا ادارہ ہے۔ قصر بہبود خواتین کو مزید فعال بنائیں گے۔ صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ قصر بہبود خواتین کو نیکسٹ لیول پر لے کر جانا چاہتے ہیں۔ چاہتے ہیں کہ قصر بہبود خواتین سے تربیت یافتہ خواتین پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں۔ قصر بہبود خواتین کی استعدادکار بڑھانے کیلئے مختلف تیکنیکی اداروں کے ساتھ منسلک کیا جائےگا۔ دریں اثناءنگران صوبائی وزیر صحت نے میوہسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، سی ای او اور ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر ہارون حامد، ماہر امراض چشم پروفیسر ڈاکٹر معین و دیگر ڈاکٹرز موجود تھے۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے میوہسپتال کے شعبہ امراض چشم میں داخل بہیمانہ تشدد کا نشانہ بننے والی 13 سالہ ایمن قدسیہ اور اس کی والدہ لبنیٰ شاہین کی عیادت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر ہارون حامد اور پروفیسر ڈاکٹر معین نے ایمن قدسیہ اور اس کی والدہ لبنہ شاہین کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے بریفنگ دی۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر جاوید اکرم نے میوہسپتال کی ایمرجنسی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سی ای او اور ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر ہارون حامد بھی نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر میوہسپتال سمیت پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں محرم الحرام کے سلسلے میں بستروں کو مختص کر دیا گیا ہے۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات کو مکمل کر لیا گیا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں 9 اور 10 محرم الحرام کو ہیلتھ کیئر سٹاف فرائض سر انجام دےگا۔