چیئرمین پی ٹی آئی دہشتگردی کے مزید 3مقدمات میں نامزد،سائفرتحقیقات میں 17جولائی تک جواب طلب


لاہور(کرائم رپورٹر،کورٹ رپورٹر)چیئرمین پی ٹی آئی دہشتگردی کے مزید 3مقدمات میں نامزد،سائفرتحقیقات میں 17جولائی تک جواب طلب کرلیا گیا،پولیس ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کو جناح ہاوس ،عسکری ٹاور ،ماڈل ٹاون وزیر اعظم سیکرٹریٹ پرحملے کے مقدمے میں نامزد کیا گیا۔

نامزدگی کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف دہشتگردی کے مقدمات کی تعداد10ہوگئی،پولیس کے مطابق گرفتار ملزموں کے بیانات کی روشنی میں چیئرمین پی ٹی آئی کو مقدمات میں نامزد کیا گیا ۔

ادھر لاہور ہائیکورٹ میں سائفر تحقیقات روکنے کی چیئرمین تحریک انصاف کی درخواست پر وفاقی حکومت نے متفرق درخواست دائر کرکے حکم امتناع خارج کرنے کی استدعا کردی، لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر چیئرمین تحریک انصاف کو نوٹس جاری کر کے 17جولائی کو جواب طلب کر لیا۔

درخواست میں وفاقی حکومت نے موقف اختیار کیا ایف آئی اے نے چیئرمین تحریک انصاف کو 30 نومبر کو طلبی کا نوٹس دیا تھا، وکیل وفاقی حکومت نے کہا عدالت نے وفاقی حکومت کو نوٹس دئیے اور سنے بغیر یکطرفہ عملدرآمد معطل کردیا، فیصلے سے ایف آئی اے تفتیش رک گئی،لاہور ہائیکورٹ 6 دسمبر 2022 کو جاری حکم امتناع واپس لے۔