بھارتی آبی جارحیت میں تیزی،دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا

لاہور،نارووال(خبر نگار،بیورورپورٹ)بھارتی آبی جارحیت میں تیزی،دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا،پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ،بھارت نے فیروز پور کے مقام سے 73418کیوسک پانی چھوڑا ،گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح 18 فٹ تک جاپہنچی۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے قصور، اوکاڑہ ، پاکپتن ، بہاولنگر اور وہاڑی کے ڈپٹی کمشنرز کو پیشگی انتظامات جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاایمرجنسی کنٹرول روم میں سٹاف کو ہمہ وقت الرٹ رکھا جائے، تمام متعلقہ محکمہ جات تازہ ترین صورت حال سے پی ڈی ایم اے کو آگاہ رکھیں،ریسکیو 1122 کی رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے،رسپانس فورس کےلئے مشینری و دیگر آلات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے،ریسکیو آپریشن کےلئے پٹرول و ڈیزل کا سٹاک وافر مقدار میں ہونا چاہیے،نشیبی علاقوں سے شہریوں کا انخلا یقینی بنایا جائے ،عوام کو موجودہ صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے۔

ادھر 10 سے 12 گھنٹے تک ستلج میں 50 ہزار کیوسک سے زائد کا ریلہ گزرے گا، دھوپ سڑی پتن کے مقام پر پانی فصلوں میں داخل ہوگیا جس سے تیار مکئی کی فصل بہہ گئی،فلڈ کنٹرول روم کے مطابق دریائے چناب کے مقام سے ایک لاکھ 62 ہزار کیوسک پانی کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے، سیلابی پانی سے 10 سے زائد دیہات زیر آب آگئے، متاثرہ علاقوں میں موضع سانمبل، پیر کوٹ تاجے کا،ٹھٹہ رحموکا،ٹھٹھہ عمر کے سمیت متعدد دیہات شامل ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے، ڈپٹی کمشنر نے کہاکسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے تمام ادارے الرٹ ہیں۔