مشکل معاشی حالات کے باعث آئی ایم ایف کے پاس مجبوراً گئے: وزیراعظم

پشاور (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکل معاشی حالات کے باعث آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا، ہم نے آئی ایم ایف پروگرام خوشی سے نہیں مجبوراً قبول کیا۔ وزیراعظم نے پشاور میں فاٹا یونیورسٹی کے فیز ون کا افتتاح کر دیا، افتتاحی تقریب میں شہباز شریف نے نوجوانوں میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے، اس موقع پر گورنر و نگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا بہادر لوگوں کی دھرتی ہے، یہاں کے لوگوں نے اپنے خون سے پاکستان کا دفاع کیا، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں بھی اس صوبے کا بڑا کردار ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزرے سال بہت مشکل تھے، پاکستان ضرور اپنے پاوں پر کھڑا ہوگا، خوشحالی آئےگی، زراعت پاکستان کی معیشت کو بدل کر رکھ دےگی، ہم نے اگر بھکاری پن کا خاتمہ کرنا ہے تو اپنے پاوں پر کھڑا ہونا ہوگا۔