نیویارک(خواجہ فاروق)وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی دورہ امریکہ میں لابنگ، مسلم لیگ (ن) بھی متحرک،رابطے شروع کردئیے جبکہ پاکستانی امریکن نے دورہ خفیہ رکھنے کو حیران کن قراردیتے ہوئے تنقید کے نشتر برسا دئیے۔ذرائع کے مطابق وزیر مملکت حنا ربانی کھر بھی بلاول بھٹو کے دورہ امریکہ میں ساتھ ہیں، پاکستانی امریکن نے دورے کو خفیہ رکھنے پر بلاول بھٹو پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا ذوالفقار بھٹو اور والدہ بےنظیر شہید کی بجائے والد آصف زرداری کی پالیسی کو ترجیح دے رہے ہیں،پاکستانی امریکن نے کہا وزیر خارجہ کا دورے کے دوران پاکستانیوں ،کشمیریوں سے نہ ملنا سمجھ سے بالاتر ہے،عوامی لیڈر ہمیشہ عوام کو ترجیح دیتے ہیں لیکن بلاول بھٹو کاخود کو پاکستانیوں سے دور رکھنا سوالیہ نشان ہے اور پی پی کارکنوں،پاکستانیوں ،کشمیریوں میں شدید تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔ عوامی حلقوں نے حنا ربانی کھر کے دورہ امریکہ کو شاپنگ قراردیتے ہوئے کہا کہ وزیر مملکت کاامریکہ آنے کامقصد صرف شاپنگ اور سیروتفریح کرنا ہے۔ادھر ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے بلاول بھٹو کی امریکہ میں خفیہ سرگرمیوں کو سنجیدہ لیتے ہوئے امریکی تھنک ٹینکس کے رابطے شروع کردئیے اور اہم رہنماﺅں کو ٹاسک سونپ دئیے،مریم نواز بھی جلد امریکہ کادورہ کرسکتی ہیں۔دریں اثنا بلاول بھٹو اور حنا ربانی کھر برطانیہ چلے گئے،برطانیہ میں بھی اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں ملکی سیاسی صورتحال زیر بحث آئےگی۔
بلاول کی دورہ امریکہ میں لابنگ،ن لیگ بھی متحرک،رابطے شروع
















