لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئر ڈاکٹر جاوید اکرم نے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کی آسانی کیلئے احسن قدم اٹھاتے ہوئے پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں خدمت گار ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئر ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر صدارت ڈائریکٹر جنرل ویلفیئر آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سیکرٹری سوشل ویلفیئر ظہور حسین، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق اور محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے افسران نے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر داخلہ جاوید اکرم نے اجلاس کے دوران سرکاری ہسپتالوں میں خدمت گار ڈیسک کے قیام کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔متعلقہ افسران نے نگران صوبائی وزیرڈاکٹر جاوید اکرم کو بریفنگ دی۔نگران صوبائی وزیر صحت و سوشل ویلفیئر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کو عام آدمی کی آسانی کیلئے مکمل سودمند بنائیں گے۔خدمت گار ڈیسک کے قیام کے ذریعے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو علاج میں سہولت حاصل ہوگی۔ ڈاکٹرجاوید اکرم نے کہاکہ خدمت گار ڈیسکس کی کامیابی کیلئے پی آئی ٹی بی کے ذریعے آن لائن ایپلی کیشن بھی ڈیزائن کروا رہے ہیں۔ پنجاب میں سب سے پہلے اس منصوبے کا آغاز مئیو ہسپتال سے کررہے ہیں۔ سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان نے کہاکہ ہیلتھ کونسلز کو مکمل فعال کرنے کے حق میں ہیں۔ خدمت گار ڈیسکس کے ذریعے عوام کو سہولت دینا چاہتے ہیں۔
پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں خدمت گار ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ
















