تربت،پشاور(بیورورپورٹ) بلوچستان کے شہر تربت میں سی ٹی ڈی پر خاتون بمبار کے خودکش حملے میں ایک اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے،تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے انتظامی شہر تربت میں کمشنر آفس کے نزدیک کھڑی سی ٹی ڈی کی گاڑی کے قریب دھماکے میں ایک اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق دھماکا خود کش تھا اور دھماکا کرنے والی ایک خاتون بمبار تھی،ڈپٹی کمشنر تربت کے مطابق خودکش حملہ ایک خاتون نے کیا، دھماکے میں پولیس کی ایک خاتون سپاہی بھی زخمی ہے، دھماکے میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نقصان پہنچا،نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان نے دھماکے میں ایک پولیس اہل کار کی شہادت اور ایک خاتون اہل کار کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور واقعے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کرنے کی ہدایت دی ،دوسری جانب پشاور کے علاقے شریف آباد میں گھر کے اندر سلنڈر دھماکا 3 بچوں کی جانیں لے گیا،ریسکیو1122نے مقامی افراد کے حوالے سے بتایا گھر کے اندر ہونے والا دھماکہ سلنڈر کا ہے جو گیس لیکیج کی وجہ سے ہوا،دھماکے کی وجہ سے گھر کی چھت گرگئی، جس کے نتیجے میں اہل خانہ دب گئے جنھیں نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن کیا گیا، چھت کے ملبے میں 5افراد دب گئے تھے، 3بچوں کی لاشیں اور 2زخمیوں کو نکال لیا گیا،ریسکیو ورکز نے چھت کاٹ کر ملبے میں پھنسے افراد کو باہر نکالا، علاقہ مکینوں نے بھی ریسکیو ورکرز کا ساتھ دیا۔
تربت:خاتون کا خود کش حملہ،اہلکار شہید، پشاور ،گھر میںسلنڈر دھماکہ،3بچے جاں بحق

















