محسن نقوی کادورہ شاہدرہ ہسپتال،ادویات نہ ڈاکٹرز،اے سی بند،شکایات کے انبار

لاہور (خبر نگار،ہیلتھ رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال شاہدرہ کا دورہ کیا، شاہدرہ ہسپتال میں دوائیاں تھیں نہ ڈرپ سیٹ، ڈسپرین نہ انجکشن، مریضوں کیلئے اسے سی بندجبکہ ڈاکٹرز رومز کے چالو تھے، ڈیوٹی ڈاکٹرز بھی وارڈز سے غائب، نرسز کی بجائے مریض بچے کو تیمار دار خود نیبولائز کر رہا تھا، ایمرجنسی میں بھی دوائیاں باہر سے منگواتے ہیں اور اے سی چلتے ہی نہیں۔

مریضوں ،تیمارداروں نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیئے، مریضوں کے تیمارداروں نے نگران وزیراعلیٰ کو باہر سے خریدی گئی ادویات کی رسیدیں بھی دکھائیں، وزیراعلیٰ محسن نقوی ہسپتال کی صورتحال دیکھ کر شدید برہم ہوئے اور ڈیوٹی پر موجود ڈی ایم ایس کی سخت سرزنش کی۔

محسن نقوی نے ایمرجنسی، بچہ وارڈ، فارمیسی، سرجیکل وارڈ، بلڈ بنک سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، وارڈز کے اے سی بند ،مریض گرمی سے بے حال تھے، ڈی ایم ایس وزیراعلیٰ محسن نقوی کے کسی سوال کا جواب نہ دے سکا، فارمیسی میں ضروری ادویات تک موجود نہ تھیں۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا شدید گرمی میں اے سی بند رکھنا زیادتی ہے،شاہدرہ ہسپتال میں صورتحال دیکھ کر بہت افسوس ہوا، مریضوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں گے ، صورتحال کے ذمہ داروں کےخلاف کارروائی کی جائے گی، وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم کو فوری طور پر شاہدرہ ہسپتال پہنچنے کی ہدایت کردی۔

دریں اثنا نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے تاجر برادری کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی، وفد نے تاجر برادری کے مسائل و تجاویز سے آگاہ کیا، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تاجر برادری کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

تاجر رہنماوں نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو پنجاب کے پہلے 4ماہ کےلئے ٹیکس فری بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دی۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مال روڈ پر جلسے وجلوس پر پابندی کے عدالتی فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ڈپٹی کمشنر لاہور مال روڈ پر جلسے و جلوس پر پابندی کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنائیں،پنجاب میں گاڑیوں کے رجسٹریشن سسٹم کو اسلام آباد کی طرز پر بہتر بنانے کیلئے فوری اصلاحات لائی جائیں گی،ملتان روڈ پر ٹریفک کی بہتری و تجاوزات کے خاتمے کےلئے موثر اقدامات کئے جائیں گے، چھوٹے تاجروں کو آسان اقساط پر سولر سسٹم کی فراہمی کی تجویز کاجائزہ لیں گے۔