چیئرمین پی ٹی آئی سمیت متعدد رہنماوں کے وارنٹ گرفتاری،جلاﺅ گھیراﺅ کیس میں ضمانت خارج،قریشی،اسد عمربھاگ نکلے


لاہور،اسلام آباد (کورٹ رپورٹر،بیورورپورٹ)خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی سمیت متعدد اہم رہنماﺅں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے،لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

ملزموں کےخلاف تھانہ نصیر آباد اور ماڈل ٹاون پولیس نے مقدمات درج کر رکھے ہیں،تھانہ نصیر آباد میں کنٹینر جلانے اور ماڈل ٹاون میں مسلم لیگ ن کے آفس میں توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج ہے، تفتیشی افسر نے کہا ملزموں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی مگر گرفتار نہیں ہو سکے، عدالت ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرے،دیگر ملزموں میں مسرت ،جمشید اقبال چیمہ، مراد سعید، حسان نیازی ودیگر شامل ہیں۔

دوسری جانب 9 مئی جلاو گھیراو کیس میں ضمانت مسترد ہونے پر پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی اور اسد عمر ایچ ایٹ کچہری سے فرار ہوگئے،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں شاہ محمود قریشی ، اسد عمر،اسد قیصر کےخلاف تھانہ ترنول میں درج مقدمے میں ضمانت درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اسد عمر، اسد قیصر اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت درخواستیں خارج کیں،شاہ محمود قریشی ، اسد عمر نے کمرہ عدالت کے دروازے پر کھڑے ہو کرفیصلہ سنا،ضمانت مسترد ہونے پر شاہ محمود قریشی ،اسد عمر فوری طور پرایک ہی گاڑی میں بیٹھ کر ایف ایٹ کچہری سے فرار ہوگئے۔

گرفتاری کے پیش نظر دونوںرہنما مختلف دروازوں سے کچہری سے نکلے، فرار کی ویڈیو بھی سامنے آگئی جسے میں دیکھا جاسکتا ہے دونوں رہنما کسی طرح عجلت میں تیز تیز چلتے گاڑی میں بیٹھے اور فوری رفوچکر ہوگئے جبکہ اسد قیصر فیصلہ سنانے سے قبل ہی چلے گئے تھے۔