پشاور(بیورورپورٹ)جے یوآئی سربراہ اور صدر پی ڈی ایم فضل الرحمن نے کہاہے ملک معاشی بحران کی زد میں ہے،پی ٹی آئی حکومت نے معیشت کو بے رحمی سے زمین بوس کیا،حکومت جواب دے میگا سکینڈلز پر چیئرمین پی ٹی آئی اور تحریک انصاف کےخلاف کارروائی کیوں نہیں ہورہی، 3بارکے وزیراعظم کےخلاف کارروائی ہوتی ہے تو چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف کیوں نہیں،الیکشن میں تاخیر ہو گی تو فیصلہ پارلیمنٹ نے کرنا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہا 9 مئی کو حملے کرنے کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی،فتنے کی بیخ کنی ہونی اور ملوث افراد کےخلاف سخت اقدامات کرنے چاہئیں،ملکی سیاست سے وابستگی کی طویل تاریخ ہے،سیاست میں اتار چڑھاو کو قریب سے دیکھا ،ملک کی اسلامی شناخت کےلئے جدوجہد جاری رکھیں گے،اسلامی شناخت کی بحالی کوانتخابی مہم کاحصہ بنائیں گے، معیشت کو اٹھانا چیلنج ہے،خارجہ پالیسی کامحورپاکستان کامفادہونا چاہیے۔
فضل الرحمن نے مزید کہا پی ٹی آئی حکومت میں چین کی 70 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ڈبوئی گئی، سی پیک کی وجہ سے پاک چین دوستی معاشی دوستی میں تبدیل ہوئی جسے عالمی سازش کے تحت منجمدکیاگیا،مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاری کاخیرمقدم کرتے ہیں،کشمیر پر قبضہ چیئرمین پی ٹی آئی اور مودی گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے، متنازع فیصلے کی قیمت قوم ادا کررہی ہے، عام انتخابات کےلئے چاروں صوبوں کوتیاری کی ہدایت کردی ،ضمنی الیکشن میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا ماحول موجود رہے گا، پورے ملک میں ہر سیٹ پر جے یو آئی اپنا امیدوار کھڑا کرے گی، الیکشن تو آئین کا تقاضا ہے اور وہ ہوں گے، کوئی ابہام موجود نہیں اگر الیکشن میں تاخیر ہو گی تو فیصلہ پارلیمنٹ نے کرنا ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہامشکلات کے باوجود بجٹ کو متوازن دیا گیا،عوام کو ریلیف فراہم کرنے کےلئے جے یو آئی حکومتی کوششوں میں شامل رہے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف کارروائی کیو ں نہیں ہورہی؟حکومت جواب دے،فضل الرحمن
















