ڈیڑھ ملین پاکستانی برطانیہ اور پاکستان کے مضبوط تعلقات کیلئے اہم ہیں:نوید قمر

مانچسٹر (مشرق نیوز)وفاقی وزیرتجارت سید نوید قمر نے کہاہے کہ پاکستان کاروبار کےلئے ترجیحی منڈی ہے، 1.6 ملین پاکستانی برطانیہ اور پاکستان کے مضبوط تعلقات کیلئے اہم ہیں،موجودہ مالی سال میں 10 فیصد شرح نمو کے ساتھ برآمدات کی رفتار برقرار رہنے کی توقع ہے۔اتوار کو وزارت تجارت سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی کمپنیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں تاجر برادری،برطانوی پارلیمنٹرینز، میئرز، کونسلرز اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔انہوں نے کہاکہ 1.6 ملین پاکستانی برطانیہ اور پاکستان کے مضبوط تعلقات کیلئے اہم ہیں، پابندیوں کے باوجود، پاکستان کی برطانیہ کو برآمدات میں 33 فیصد اضافہ ہوا۔ سید نوید قمر نے کہاکہ برآمدات نے 2 بلین امریکی ڈالر کے سنگ میل کو عبور کیا، موجودہ مالی سال میں 10 فیصد شرح نمو کے ساتھ برآمدات کی رفتار برقرار رہنے کی توقع ہے۔ پاکستان کی ترقیاتی امداد پر برطانوی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔وزیر تجارت نے دو طرفہ سرمایہ کاری اور برآمدات کیلئے 1.5 ارب پاﺅنڈ کی سہولت کے برطانوی اعلان پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہاکہ برطانوی حکومت کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی (ڈی سی ٹی ایس) رعایتوں کو بھی سراہتے ہیں-(ڈی سی ٹی ایس) سہولت سے پاکستان کی 92 فیصد سے زائد برآمدات پر ڈیوٹی صفر ہوئی۔ سید نوید قمرنے کہا کہ برطانیہ کے کاروباری اداروں نے کاروباری مواقع کیلئے پاکستان کے ساتھ منسلک ہونے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ سید نوید قمر دولت مشترکہ کے وزرائے تجارت کے اجلاس میں شرکت کیلئے برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔